حکومت مزدور طبقہ کی تنخواہوں میں اضافہ مہنگائی کے تناسب سے کرے،لطیف بٹ

کالاشاہ کاکو:(نامہ نگار)مرکزی صدر اولڈ ایج ورکرزویلفیئر ایسوسی ایشن پاکستان محمد لطیف بٹ نے کہا ہے کہ مزدور اپنے بنیادی حقوق سے محروم اورمہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے ، حکومت فوری طورپر مزدور طبقہ کو ریلیف دینے کیلئے انکی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کالاشاہ کاکو میں یوم مئی کے حوالہ سے منعقدہ اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر مرکزی چیئرمین محمد رشید سندھو، چوہدری محمود احمد جٹ، حافظ محمد عاشق بھٹی،صوبائی صدر سید امتیاز شاہ،جنرل سیکرٹری ملک محمد سعید ،صدر پاکستان ورکرزراوی آٹوچوہدری محمد اشرف، سابقہ لیڈر کوہ نور آئل ملز چوہدری محمد نوید، سابق ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر پنجاب نوید احمد وڑائچ،صدر انجمن صحافیاں کالاشاہ کاکو اسلام دین کمبوہ سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ بعد ازاں مزدروں نے شکاگو کے شہداءکو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے جی ٹی روڈ پرریلی نکالی جوکہ آفس انجمن صحافیاں کالاشاہ کاکو پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی کے شرکاءنے مختلف پلے کارڈ اور بینرز اٹھارکھے تھے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ حکومت فوری طورپر ای او بی آئی پنشنرز کی پنشن کو کم از کم تنخواہ کے مطابق32ہزارروپے ماہانہ کرنے کا اعلان کرے۔ ملک بھر میں لاکھوں بوڑھے مزدور، انکے بچے، بیوائیں اس مہنگائی کے طوفان میں حکومت عدم توجہگی کے سبب غربت کی زندگی گزرانے پر مجبور ہیں۔ اپنی زندگی ملک و قوم کیلئے قربان کرنیوالے مزدوروں کو انکاحق دیا جائے۔ مقررین نے کہاکہ ای او بی آئی فنڈ میں اربوں روپے موجود ہونے کے باوجود مزدوروں کو انکاجائز حق نہیں دیا جارہا ہے۔ کئی بار حکومتی نمائندگان نے مطالبات تسلیم کرنے کا وعدہ کیا مگر ہر بار ہمارے ساتھ دھوکہ کیا جاتا ہے۔ مقررین نے کہاکہ بڑی بڑی تنخواہیں لینے والے اشرافیہ کو دوران نوکری اور بعد ازاں بھاری معاوضہ دیا جاتاہے مگر مزدوروں کو اس شدید مہنگائی کے طوفان میں جھلسنے کیلئے چھوڑ دیا گیا ہے۔ اب ہمارے صبر کا پیمانہ لبرز ہوچکا ہے اپناجائز حق ملنے تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔