حکمران اشرافیہ ایک بس ظاہری اختلاف،حق کےلئے زبردست مزاحمت کرنا ہوگی،نعیم الرحمن

لاہور:(اپنے نمائندے سے)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے ملک میں استحصالی طبقہ متحد، مزدور، کسان اور عوام تقسیم ہیں، منظم جدوجہد سے ہی عوام کوحقوق ملیں گے، 2راستے ہیں، حالات کو قسمت سمجھ کر قبول کرلیں یا کرپٹ نظام کےخلاف مزاحمت کریں، عوام کے خون پسینے کی کمائی سے مخصوص طبقہ عیاشیاں کرے ایسا نہیں چلے گا، حکمران ایک طرف قوم کے حق پر ڈاکہ ڈالتے ہیں دوسری طرف کشکول اٹھایا ہوا ہے۔

منصورہ میں مزدوروں کے اعزاز میں تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہافارم 47 کی بنیاد پر جعلی حکومت مسلط کردی گئی، پارٹیوں ،حکومتی عہدوں پر خاندان قابض ہیں،مست حکمرانوں نے کسانوں کے پرامن مظاہرے پر لاٹھی چارج کرایا، گرفتار کسانوں کی فی الفور رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں، حق کےلئے زبردست مزاحمت کرنا ہوگی،تقریب میں سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاالدین انصاری ایڈووکیٹ، نائب امیر لاہور ذکر مجاہد اور امیر ضلع غربی لاہور عبدالعزیز عابد بھی شریک تھے۔

نعیم الرحمن نے کہا غریب کا بچہ سکول نہیں جا سکتا، مایوسی سے نشہ عام ہورہا ہے، مافیا ،پولیس کی سرپر ستی میں منشیات کے اڈے چلتے ہیں،مہنگائی، بےروزگاری ہے تاہم مایوس ہونے کی ضرورت نہیں، ملک میں بے پناہ وسائل ہیں، تہیہ کرنا ہوگا حلال رزق کمائیں گے اورحق کیلئے مزاحمت کریں گے،حکمران اشرافیہ ایک بس ظاہری اختلاف ہے، عہدے رشتے داروں میں تقسیم ،بھائی وزیراعظم، سمدھی ڈپٹی وزیراعظم ، بیٹی وزیراعلیٰ ہیں، پیپلز پارٹی کا بھی یہی حال ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا آئی پی پیز معاہدے مہنگی بجلی کی وجہ ہیں، گیس نرخوں میں400گنا اضافہ کیا گیا،حکمران خود اربوں کی مفت بجلی، پٹرول استعمال کرتے ہیں،جماعت اسلامی مزدوروں، کسانوں، نوجوانوں، خواتین کو جدوجہد کےلئے پلیٹ فارم مہیا کررہی ہے، دروازے سب کےلئے کھلے ہیں،عوام سے ہی اتحاد ہے۔