اسلام آباد،ریاض :(بیورورپورٹ،نمائندہ خصوصی)وزیر خارجہ ورہنما ن لیگ اسحاق ڈار کو نائب وزیراعظم مقرر کردیا گیا،وزیراعظم شہباز شریف نے اسحاق ڈار کی بطور نائب وزیراعظم تقرری کی منظوری دی، کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
واضح رہے اسحاق ڈار پاکستان کے چوتھے نائب وزیراعظم ہیں، ذوالفقار بھٹو، بیگم نصرت اور پرویز الٰہی بھی ڈپٹی وزیراعظم رہ چکے ہیں۔
ادھرپیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے اسحاق ڈار کو نائب مقرر کرنے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے ہمارے دور میں پرویزالٰہی نائب وزیراعظم رہے ہیں،حکومت کاحصہ نہیں لیکن اچھے مشورے دیں گے،مجھے لگتا ہے قیادت سے مشاورت کی گئی ہوگی۔
ماہرقانون قیصرامام نے کہا آئین میں ڈپٹی وزیراعظم کی کوئی شق نہیں،عہدہ آئین کے مطابق نہیں ،پارلیمنٹ کو آئین میں ترمیم کرنا پڑے گی،پرویزالٰہی کی بطور ڈپٹی وزیراعظم تقرری کا نوٹیفکیشن بھی آئینی و قانونی نہیں تھا ،ڈپٹی وزیراعظم کا نوٹیفکیشن عدالت میں چیلنج ہوسکتا ہے۔
دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اسحاق ڈار نے ریاض میں عالمی سلامتی و ترقی کے ایجنڈے کو مرتب کرنے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں شرکت کی اور متعدد عالمی مسائل کے خاتمے کیلئے بین الاقوامی تعاون کی وسعت پر روشنی ڈالی،اسحاق ڈار نے موسمیاتی تبدیلی، آرٹیفشل انٹیلی جنس کےلئے گورننس کے نظام ،وبائی امراض کےلئے تیاری پرزوردینے کےساتھ علاقائی روابط بڑھانے کے ذریعے عالمی اقتصادی ترقی کو بحال کرنے کےلئے جنوبی ایشیا کی بے پناہ صلاحیتوں کو اجاگر کیا۔
دریں اثنا عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر سلیمان الجاسر سے ملاقات کی،سلیمان الجاسر نے کہا اسلامی ترقیاتی بینک اپنی گولڈن جوبلی منا رہا ہے، ایک ادارے کے طور پر آئی ایس ڈی بی کے قیام و مضبوطی میں پاکستان کے تعاون پر فخر ہے،اسحاق ڈار نے کہا پاکستان ،اسلامی ترقیاتی بینک کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں۔
اسحاق ڈار نائب وزیراعظم مقرر،کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا



















