این آئی پی پی کے زیراہتمام گول میز مباحثہ،پاکستان کو اندرونی سلامتی کے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے: مقررین

لاہور (کامرس رپورٹر) نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک پالیسی نے گزشتہ روز ”اندرونی سلامتی کے چیلنجز: قومی سلامتی کی پالیسی اور حکمت عملی کے نفاذ کی ضرورت“کے موضوع پر ایک گول میز مباحثے کا اہتمام کیا۔ پینل میں ممتاز ماہرین اور پریکٹیشنرز شامل تھے جن میں لیفٹیننٹ جنرل (ر)بلال اکبر سابق کور کمانڈر اور ڈی جی رینجرز کراچی، شوکت جاوید سابق آئی جی پولیس پنجاب، ڈاکٹر اکبر ناصر خان آئی جی پولیس اسلام آباد، عامر رانا سکیورٹی تجزیہ کار و ڈائریکٹر PIPS اور ڈاکٹر شبانہ فیاض، چیئرپرسن DSS، QAU شامل تھے۔ سیشن کی نظامت ڈاکٹر نوید الٰہی ڈین این آئی پی پی نے کی۔ اس میں این آئی پی پی کے ریسرچ ایسوسی ایٹس اور ریسرچ فیلوز بشمول ڈاکٹر سیف اللہ خالد، ڈاکٹر سمرین، ڈاکٹر علی عباس، جناب ساجد سلطان، حبیب اللہ خان ایڈیشنل ڈائریکٹر اور دیگر نے شرکت کی۔ ڈین ڈاکٹر الٰہی نے کہا کہ پاکستان کو طویل عرصے سے اندرونی سلامتی کے سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔ دہشت گردی اور شورشوں نے ہزاروں جانیں لی اور ملک کیلئے خطرہ بن چکے ہیں۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران کم از کم چار قومی سلامتی کی پالیسیاں اور منصوبے بنائے گئے ہیں لیکن ان پر عملدرآمد مشکل ہے۔ حالات بد سے بدتر ہوتے چلے گئے۔ ان کثیر جہتی چیلنجوں سے موثر طریقے سے نمٹنے کیلئے پاکستان کو اپنی اندرونی اور بیرونی سلامتی کے خدشات کو دور کرنے کیلئے ایک جامع اور مربوط قومی سلامتی پالیسی اور انسداد دہشت گردی حکمت عملی اپنانی چاہئے۔ سبینہ بابر نے دہشت گردی میں اضافے اور سیکورٹی پالیسیوں کے نفاذ میں سست روی پر ایک تحقیقی رپورٹ پیش کی۔ بحث میں پاکستان کی داخلی سلامتی کے خطرات جیسے دہشت گردی، انتہا پسندی، شورشوں، فرقہ واریت وغیرہ کی وجوہات اور اثرات پر روشنی ڈالی گئی۔ شرکا نے پچھلی دہائی کے دوران تیار کی گئی متعدد سکیورٹی پالیسیوں پر عملدرآمد نہ کرنے کی بنیادی وجہ سیاسی عزم کی کمی کو قرار دیا۔ شرکا نے یکے بعد دیگرے آنے والی حکومتوں میں قومی سلامتی کی پالیسیوں کے نفاذ کیلئے سیاسی عزم کی ضرورت پر زور دیا، اور ان پالیسیوں کے تسلسل کو یقینی بنانے کیلئے پارلیمانی نگرانی کو یقینی بنایا۔ مزید برآں انہوں نے مستقل انداز میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے سول اور ملٹری فورسز کی متحد کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ شرکا نے ملٹری، سویلین قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عدلیہ کے ساتھ مل کر انسداد دہشت گردی کی ایک متفقہ حکمت عملی کی سفارش کی۔ انٹیلی جنس کوآرڈینیشن کو مضبوط بنانا، صوبائی انسداد دہشت گردی کے محکموں کی استعداد کار میں اضافہ، اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کو روکنے کو اہم اقدامات کے طور پر اجاگر کیا گیا۔ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک پالیسی کا مقصد سکیورٹی پالیسی کے موثر نفاذ کیلئے گول میز میں بحث کے نتیجے میں سامنے آنے والی قابل عمل حکمت عملیوں پر اتفاق رائے پیدا کرنا ہے۔