تشدد کا شکار افراد کی مدد کیلئے آوٹ ریچ پروگرام میں تیزی لائی جائے :آئی جی پنجاب
لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے کہا ہے کہ صنفی جرائم، سماجی عدم تحفظ، استحصال اور تشدد کا شکار افراد کی مدد کیلئے تحفظ سنٹرز کے پلیٹ فارم سے آوٹ ریچ پروگرام کا دائرہ کار بڑھایا جائے اور سماجی مشکلات کے شکار زیادہ سے زیادہ افراد کو مدد اور تحفظ فراہم کیا جائے۔ ڈاکٹر عثمان انو رنے کہا کہ ٹرانس جینڈرز اور خواتین سے متعلقہ ایشوز پر فعال کاروائی کرتے ہوئے متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے بالخصوص صنفی جرائم کا شکار خواتین کی مدد، بے گھر بچوں کے تحفظ اور ٹرانس جینڈرز افراد کی معاونت کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ الائیڈ اداروں اور فلاحی تنظیموں کے تعاون سے محروم طبقات کی مشکلات کا ازالہ کیا جائے، ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ وکٹم سپورٹ افسران کے جاب کنٹریکٹ میں توسیع کارکردگی کی بنیاد پر ہوگی، آئی جی پنجاب نے غیر تسلی بخش کارکردگی پر وارننگ دینے کا عندیہ دیا۔ دریں اثناءآئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے پولیس ملازمین کی ویلفیئر کیلئے انقلابی اقدامات ، سال 2024 کے ابتدائی 3ماہ میں81کروڑ 48لاکھ روپے سے زائد رقم فورس کی ویلفیئر پر خرچ کی گئی۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ویلفیئر برانچ نے تمام کیٹیگریز میں ہزاروں اہلکاروں کو فنانشل ریلیف فراہم کیا گیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس ویلفیئر فنڈ، محکمے کے ویلفیئر ذرائع سے حاصل آمدن سے ملازمین کی مشکلات کا ازالہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجا ب پولیس نے راولپنڈی اور لاہور میں پاکستان نیوزی لینڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز کیلئے سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات مکمل کرلئے ہیں، ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ جمعرات کی شام راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا گیا جس کیلئے پنجاب پولیس نے فول پروف انتظامات یقینی بنائے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈ سیریز کے ابتدائی 03 میچ راولپنڈی جبکہ آخری دو میچ لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پر امن اور محفوظ ماحول میں میچز کا انعقاد یقینی بنانے کیلئے پہلے سے بہتر حکمت عملی اپنائی ہے، پولیس فورس کھلاڑیوں، میچ آفیشلز اور شائقین کو بھرپور سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ، ضلعی انتظامیہ، سکیورٹی ایجنسیز سمیت تمام اداروں سے کوارڈینیشن مکمل ہے، راولپنڈی اور لاہور میں پانچ میچز پر 15 ہزار سے زائد افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔



















