ن لیگ کو دھچکا،2سیٹیں پی ٹی آئی کوواپس،نوازشریف کی فتح چیلنج

لاہور: (کورٹ رپورٹر) ن لیگ کو دھچکا،2سیٹیں پی ٹی آئی کوواپس،ایک کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل ،قائد ن لیگ نوازشریف کی این اے130سے کامیابی کو چیلنج کردیا گیا۔

لاہور ہائیکورٹ نے این اے 154 سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار رانا فراز نون کو کامیاب قرار دےدیا،ہائیکورٹ بہاولپوربنچ میں لودھراں کے حلقہ این اے 154 پرکیس کی سماعت ہوئی ،عدالت نے ن لیگ کے امیدوار عبدالرحمان کانجو کی درخواست خارج کردی۔

ادھر جسٹس شاہد کریم نے سنی اتحاد کونسل کے بلال اعجاز چودھری کی درخواست پر سماعت کی، عدالت نے اظہر قیوم کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قراردے کرسنی اتحاد کونسل کے امیدوار بلال اعجاز کی بطور رکن قومی اسمبلی رکنیت بحال کردی۔

مزید برآں جسٹس شاہد کریم نے پی پی 133ننکانہ صاحب سے رانا ارشد کی کامیابی کےخلاف پی ٹی آئی حمایت یافتہ امیدوار عاطف کی درخواست پر سماعت کی اور ن لیگی امیدوار رانا ارشد کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سمیت فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے۔


دوسری جانب یاسمین راشد نے قائد ن لیگ و سابق وزیر اعظم نواز شریف کی این اے 130سے کامیابی کو لاہور ہائیکورٹ الیکشن ٹربیونل میں چیلنج کر دیا،انتخابی عذرداری پر جسٹس سلطان تنویر احمد پر مشتمل الیکشن ٹربیونل سماعت کرے گا۔