تاندلیانوالہ:(واصف ہمدانی)تجازوات کی بھرمار نے شہر کا حسن تباہ و برباد کرکے رکھ دیا۔ انتظامیہ کی چشم پوشی سے شہر بھر کے تمام مین بازار و چوک،چوراہے غیر قانونی تجاوزات کی وجہ سے تقریباً بند ہوچکے ہیں۔ عام لوگوں کا ان مقامات سے گزرنا محال ہوچکا ہے جبکہ تجاوزات کی وجہ سے لڑائی جھگڑے بھی معمول بن چکے ہیں۔
ماہی چوک، حیدر چوک، ریل بازار، انارکلی بازار، نہر بازار، نیا بازار، لڈو چوک، قائد اعظم روڈ سمیت شہر کے تمام ایریا جات تجاوزات سے بھر چکے ہیں اور لوگوں نے اپنی دوکانوں کے آگے تھڑے بناکر تجاوزات قائم کررکھی ہیں جبکہ بازاروں کو ریڑھی بانوں نے بند کررکھا ہے۔
انتظامیہ کے اہلکار ریڑھی بانوں اور ناجائز تجاوزات کرنے والوں سے منتھلیاں وصول کرکے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں جبکہ دکاندار حضرات تھڑوں کے ذریعے ماہانہ ہزاروں روپے کرایہ کی مد میں وصول کررہے ہیں۔ شہریوں نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز اور ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ ناجائز تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کرکے شہر کو صاف کیا جائے تاکہ لوگوں کو آمدورفت میں آسانی ہوسکے۔
تاندلیانوالہ میں تجاوزات کی بھرمار،شہر کا حسن تباہ



















