علی پور،لاہور:(مشرق نیوز،کرائم رپورٹر)مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور میں درندہ صفت شخص نے بیوی اور7بچوں کو قتل کردیا۔
ذرائع کے مطابق علی پور کے علاقے مڈ والا میں ایک ٹانگ سے معزور 40 سالہ درازی سجاد کھوکھر نے لڑائی ہونے پر 35 سالہ بیوی کوثر اور 7 بچوں 8 سالہ انسہ،7 سالہ کنزا،6 سالہ رمشہ،4 سالہ مہناز،3 سالہ انس،اڑھائی سالہ سبحان ،6 ماہ کی منزہ کو تیز دھار آلے سے ابدی نیند سلادیا،پولیس تھانہ صدر علی پور نے ملزم سجاد کو گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کر لیا، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نوٹس لیکر آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی اورملزم کو کیفر کردار تک پہنچانے کا حکم دےدیا۔
ادھر لاہور کے علاقے غازی آباد میں سسرالیوں نے مبینہ طور پر بہو کو تشدد اور گلا دبا کر قتل کردیا،متوفیہ شہر بانو کے والد کے مطابق سسرالی بچی کو ذہنی اذیتیں دیتے اور جسمانی تشدد کا نشانہ بناتے تھے، شادی کے بعد بچے کی پیدائش ہوئی جو چند ہی روز میں وفات پا گیا،بیٹی کی گردن پر پھندے کے نشانات موجود ہیں، پولیس نے لاش پوسٹمارٹم کےلئے مردہ خانے منتقل کر دی۔
دریں اثنا ایس پی کینٹ اویس شفیق کی ہدایت پر غازی آباد پولیس نے متوفیہ شہر بانو کے شوہر آصف ،عبدالرشید کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا،پولیس نے مقتولہ کے بھائی عمیر علی کی مدعیت میں نامزد ملزموں آصف، عبدالرشید اور راشد کےخلاف مقدمہ درج کرلیا۔
علی پور،بیوی اور7بچے قتل،لاہور میں سسرالیوں نے بہو کی جان لے لی



















