اسلام آباد: ( ) سپریم کورٹ نے ججز خط پر سوموٹو کیس کی پہلی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا، جسٹس اطہر من اللہ کا اختلافی نوٹ بھی جاری کیا گیا ۔
جسٹس اطہر من اللہ نے اختلافی نوٹ میں حکم نامے کے 12 پیرا گراف سے عدم اتفاق کرتے ہوئے کہا پیراگراف ایک سے 12 تک سے اتفاق کیلئے خود کو قائل نہیں کر سکا، وزیر اعظم کو طلب کیا جا سکتا ہے یا نہیں اس سوال پر فل کورٹ نے ابھی غور کرنا ہے۔
حکومت کے کمیشن بنانے سے عدلیہ کی آزادی متاثر ہوتی ہے یا نہیں ابھی طے ہونا ہے، جو سوال عدالت کے سامنے ہیں ان پر ابھی رائے دینا مناسب نہیں، ہائیکورٹ ججز کا خط دکھاتا ہے وہ ہر متعلقہ فورم پر معاملہ اٹھاتے رہے۔
اختلافی نوٹ میں جسٹس اطہر من اللہ نے مزید کہا معاملے کی سنجیدگی کے باوجود ادارے نے رسپانس نہیں دیا، ہائیکورٹ ججز نے وہی کیا جو ہر جج حلف کے مطابق کرنے کا پابند ہے، ہائی کورٹ کے چھ ججز پر شک کی کوئی وجہ موجود نہیں۔
جسٹس اطہر من اللہ نے کہا ہائیکورٹ ججز نے آئین کی پاسداری کا حلف اٹھایا ہے، سیاسی اثرات رکھنے والے کیسز میں مداخلت کو جھٹلایا نہیں جا سکتا، ذوالفقار بھٹو ریفرنس میں عدالت خود یہ مان چکی، مداخلت کس حد تک ہے یہ دکھانے کیلئے اصغر خان کیس کافی ہے۔
سیاسی کیسز میں مداخلت کو جھٹلایا نہیں جا سکتا،جسٹس اطہر من اللہ



















