اسلا م آباد (بیورورپورٹ)وزیراعظم کے انتخاب کیلئے میدان سج گیا،شہبازشریف ،عمر ایوب مدمقابل ہوں گے،دونوں کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے،اعدادو شمار پر نظر دوڑائیں تو اتحاد ی جماعتوں کے امیدوار شہبازشریف وزیراعظم منتخب ہوجائیں گے۔
سینیٹر اسحاق ڈار، خورشید شاہ، رانا تنویر، احسن اقبال ، خواجہ آصف، انوشہ رحمن، طارق بشیر چیمہ، عون چودھری نے اتحادی جماعتوں کے نامزد وزیراعظم شہبازشریف کے کاغذات جمع کرائے، تمام اتحادی جماعتوں کی طرف سے شہباز شریف کے 8 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔
دوسری جانب سنی اتحاد کونسل کے اسد قیصر، علی خان، عامر ڈوگر، جنید اکبر نے عمر ایوب کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے،سنی اتحاد کونسل کے اراکین بانی پی ٹی آئی کے حق میں نعرے لگاتے رہے،بعدازاں جانچ پڑتال کے بعد شہبازشریف،عمر ایوب کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے،شہبازشریف کے کاغذات نامزدگی پرسنی اتحاد کونسل کا اعتراض مسترد کر دیا گیا۔
نئے وزیراعظم کے انتخاب کیلئے قومی اسمبلی کااجلاس اتوار کو دن 11بجے ہوگا، قائد ایوان کےلئے سادہ اکثریت حاصل کرنا لازمی ہے، 336 کے ایوان میں 169 ووٹ لینے والے کو وزیراعظم قرار دےدیا جائے گا،شہباز شریف کو 200 سے زائد اور عمر ایوب کو 91 ووٹ ملنے کاامکان ہے۔
واضح رہے ن لیگ کے نامزد کردہ شہبازشریف پیپلز پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی، ایم کیو ایم پاکستان، استحکام پاکستان پارٹی کے مشترکہ امیدوار ہیں جبکہ سنی اتحاد کونسل کے عمر ایوب کو ایوان میں صرف 91اراکین کی حمایت حاصل ہے۔
وزیراعظم کے انتخاب کیلئے میدان سج گیا،شہباز شریف،عمر ایوب کے کاغذات نامزدگی منظور
















