سمندر میں تیل و گیس کی تلاش معاشی ترقی کےلئے اہم پیشرفت ہے،وزیراعظم

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے ترک وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔

عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہابرادر ملک ترکیہ کےساتھ تاریخی تعلقات دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد، اخوت ،مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں، ترک تحقیقی بحری جہاز اورچ رئیس (Oruc Reis) کی پاکستان آمد ،آف شور تیل و گیس کی تلاش کے منصوبے میں بھرپور تعاون پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے مشکور ہیں،پاکستان ،ترکیہ کے مابین توانائی شعبے میں بڑھتے تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں، ترکیہ کے تجربے ،تکنیکی مہارت سے استفادہ کرتے ہوئے توانائی شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔

شہبازشریف نے کہا آف شور تیل و گیس کی تلاش کے علاوہ معدنیات ،قابل تجدید توانائی شعبوں میں بھی دوطرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں،سمندری حدود میں تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش ملکی توانائی کے تحفظ ،معاشی ترقی کےلئے اہم پیشرفت ہے۔

ترک وزیر توانائی الپ ارسلان بائراکتر نے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاتحقیقی بحری جہاز اورچ رئیس کی پاکستان آمد سے پاکستان ،ترکیہ کے مابین توانائی شعبے میں تعاون نئے دور میں داخل ہو رہا ہے، ترکیہ تکنیکی مہارت، سائنسی تجربے ،انجینئرنگ صلاحیتوں کو پاکستان کے ساتھ بروئے کار لانے کےلئے پرعزم ہے،تحقیقی جہازسندھ ،مکران کے سمندری علاقوں میں تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش کےلئے 2ماہ تک تھری ڈی سیسمک سروے کرےگا، منصوبے کے تحت حاصل ہونےوالے سائنسی اعداد و شمار مستقبل میں تیل و گیس کی تلاش ،ڈرلنگ کے امکانات کا تعین کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔