چھوٹے صوبے یا بادشاہتیں اور شہنشاہ ایسے ملک نہیں چلے گا،سعد رفیق
لاہور: (اپنے رپورٹر سے)سابق وفاقی وزیر ومرکزی رہنما ن لیگ سعد رفیق نے کہا ہے چھوٹے صوبے یا بادشاہتیں اور ایک شہنشاہ ایسے ملک نہیں چلے گا،عجلت سے گریز مناسب ہوگا۔
سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں سعد رفیق نے کہا گلے سڑے بدبودار نظام حکمرانی کو محض چھوٹے صوبے بنا کر درست کرنے کی سوچ ناقابل فہم ہے ، چھوٹے صوبے بنانا مثبت عمل لیکن پیشگی بنیادی اصلاحات کیے بغیر کوئی فائدہ نہیں ہو گا ،سب سے پہلے شفاف نمائندہ جمہوریت کے تقاضے پورے کریں ، سیاست میں غیر جمہوری مداخلت ،پیسے والوں کی حکمرانی ختم کریں ، تعلیم یافتہ مڈل کلاس کےلئے سیاست کرنے کا راستہ بنائیں ، سول سروس ،عدالتی ریفارمز کریں۔
لیگی رہنما نے کہا شدید سیاسی تناﺅ ، دہشتگردی ، افلاس کی انتہا ، مفلوج نظامِ عدل ، متنازع پارلیمنٹ ،غیر سیاسی مداخلت کی موجودگی میں ممکن ہے چھوٹے صوبے بنا لیے جائیں لیکن نظام ناپائیدار ہو گا ، نئی پیچیدگیاں پیدا ہوں گی، ملک چلانا ہے تو پہلے مصائب سے قوم کی جان چھڑائیں ۔
















