پشاور،اسلام آباد: (بیورورپورٹ)سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کیلئے درخواستیں خارج،پی ٹی آئی نے پشاور ہائیکورٹ کافیصلہ چیلنج کرنے کااعلان کردیا۔
جسٹس اشتیاق ابراہیم کی سربراہی میں 5رکنی لارجر بنچ نے سماعت کی،سنی اتحاد کونسل کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے دلائل دیتے ہوئے کہا انتخابات سے پہلے پی ٹی آئی سے بلے کا نشان لیا گیا، پشاور ہائیکورٹ نے تاریخی فیصلہ دےکر بلا واپس کیا، سپریم کورٹ نے دوبارہ الیکشن کمیشن کے حق میں فیصلہ دے کر بلا واپس لیا، پی ٹی آئی امیدواروں کو مختلف نشانات دیئے گئے پھر بھی عوام نے ووٹ دئیے۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا بطور آزاد امیدوار الیکشن جیتنے کے بعد سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کرلی،آرٹیکل 103 سیکشن سی کے تحت مخصوص نشستیں سنی اتحاد کونسل کو ملنی چاہئیں ،عدالت نے استفسار کیا کیا پورے ملک کی مخصوص نشستوں کا معاملہ سن رہے ہیں؟ بیرسٹر علی ظفر نے کہا نہیں صرف قومی و خیبرپختونخوا کا سن رہے ہیں،عدالت نے پوچھا آپ کا کہنا ہے اگر ایک پارٹی الیکشن نہ لڑے تو پھر پولیٹیکل پارٹی ہوتی؟ پولیٹیکل پارٹی تو سیٹیں جیتنے کےلئے الیکشن میں حصہ لیتی ہے،بیرسٹر علی ظفر نے کہا سنی اتحاد کونسل کے پاس انتخابی نشان ہے اور الیکشن لڑنے کا اختیار ہے، آئین میں پولیٹیکل جسٹس کا ذکر واضح لکھا گیا ، ہر وہ شہری جو سرکاری ملازم نہ ہو وہ سیاسی جماعت بناسکتا ہے یا کسی پارٹی میں شمولیت اختیار کرسکتا ہے،آرٹیکل 72 کہتا ہے سیاسی جماعتوں کو کئی حقوق حاصل ہیں، سیاسی پارٹیاں الیکشن میں حصہ لے سکتی ہیں، حکومت بنا سکتی ہیں، مخصوص نشستیں حاصل کرسکتی ہیں۔
جسٹس شکیل احمد نے استفسار کیا بتائیں اگر انتخابات میں حصہ نہیں لیتے پھر کیا ہوگا،عدالت نے استفسار کیاکیا آزاد امیدوار کو آزاد رہتے ہوئے بھی مخصوص نشستیں مل سکتی ہیں؟علی ظفر نے کہا نہیں آزاد امیدواروں کو کسی جماعت میں شمولیت اختیار کرنا لازمی ہوتا ہے، کسی جماعت کو مخصوص نشستوں کی لسٹ جمع کرنے یا نہ کرنے تک محدود رکھنا غیر قانونی ہے،عدالت نے استفسار کیا سنی اتحاد کونسل پولیٹیکل پارٹی کیسے بنی؟ پارٹی نے جنرل الیکشن میں کوئی سیٹ نہیں جیتی۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا سنی اتحاد کونسل نے الیکشن میں حصہ لیا نہ کوئی سیٹ لی، بطور سیاسی پارٹی موجود ہے اگر کسی پارٹی نے انتخابات میں حصہ نہیں لیا، 10 آزاد امیدوار پارٹی میں آجاتے ہیں تو تعداد 10 ہی ہوگی۔
عدالت نے ریمارکس دئیے اگر آپ کے پاس ایک سیٹ بھی نہیں تو آپ آزاد امیدوار جوائن نہیں کرسکتے،کم از کم ایک سیٹ تو جیتنا لازمی ہے اگردوسرے 10 یا 15 آزاد امیدوار بھی کسی جماعت میں شمولیت اختیار کرلیں تو وہ بھی مخصوص نشستیں مانگیں گے،کل کو ہر کوئی بطور آزاد امیدوار الیکشن لڑے گا، کامیاب ہونے کے بعد پھر مخصوص نشستیں مانگیں گے، مخصوص نشستیں کیوں دوسری جماعتوں کو نہ دی جائیں،عدالت نے ریمارکس دئیے سیاسی جماعت کو مخصوص نشستیں مل سکتی ہیں آزاد امیدواروں کو نہیں، سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے تو خود بھی آزاد حیثیت میں الیکشن لڑا،آپ نے ایک ایسی جماعت میں شمولیت اختیار کرلی جس کے پاس ایک سیٹ بھی نہیں، مخصوص نشستیں کیوں دوسری جماعتوں کو نہ دی جائیں۔
بعدازاں عدالت نے متفقہ طور پر مختصر فیصلہ سناتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کی درخواستیں مسترد کردیں۔
دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی گوہر علی خان نے کہا ہے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے،سپریم کورٹ سے درخواست ہوگی مخصوص نشستوں پر لارجر بنچ بنایا جائے، مخصوص نشستوں کے بغیر پارلیمان مکمل نہیں ہوسکتا،بیرسٹر گوہر نے کہا23 مارچ کو جلسہ ہوگا، جلسہ کہاں ہوگا پرسوں تک اعلان کردیا جائے گا،پی ٹی آئی کے جیتے امیدواروں کو دوبارہ گنتی کے ذریعے ہرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کیلئے درخواستیں خارج،فیصلہ چیلنج کرینگے،PTI

















