لاہور (خبرنگار)وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیرصدارت کمشنر آفس میں اجلاس کے دوران چیف منسٹر لاہور ری ویمپنگ پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا، ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر اور دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ری ویمپنگ عمل کی مانیٹرنگ کیلئے منتخب نمائندوں پر مشتمل کمیٹیاں بنائی جائیں گی۔ وزیر بلدیات نے ہدایت کی کہ لاہور میٹروپولیٹن کارپوریشن، واسا، ایل ڈی اے اور روڈا ترقیاتی سکیموں کی ڈپلی کیشن سے گریز کریں اور تیارہ کردہ منصوبوں کی تفصیلات منظوری کے لئے جمع کرائیں۔ انہوں نے کہا کہ ری ویمپنگ پلان کی تکمیل کے بعد لاہور میں ایک بھی گلی یا نالی کچی نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کام کرنے والے ادارے ری ویمپنگ سکیموں کی جی آئی ایس میپنگ یقینی بنائیں۔ وزیر بلدیات نے بند روڈ پر عارضی طور پر سیوریج واٹر کی نکاسی کے انتظامات کی ہدایت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ری ویمپنگ پلان میں مانیٹرنگ میکانزم کا سخت سسٹم نافذ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی شمولیت کے بغیر شہری سہولیات کی فراہمی کے اہداف کا حصول مشکل ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کے لاہور ری ویمپنگ پلان میں کمیونٹی موبلائزیشن کا خاص خیال رکھا جائے۔ وزیراعلی کے حکم پر طے شدہ ڈیڈلائن پر عملدرآمد سختی سے یقینی بنائیں گے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کا نظام بھی موثر بنائیں گے۔ وزیر بلدیات نے اجلاس کے دوران لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسروں کو فیلڈ میں رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عید کی تعطیلات کے دوران بھی ویسٹ کولیکشن کا کام گھر گھر جاکر مکمل کیا جائے۔اس موقع پر کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ری ویمپنگ پلان کے دوران ستھرا پنجاب اور اب گاﺅں چمکیں گے پروگرامز کے تجربات مدنظر رکھیں گے۔ انہوں نے راوی ریور اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا) کو ہدایت کی کہ عزیز بھٹی ٹاﺅن میں سیوریج کے مسائل کا مستقل حل تلاش کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر نے اجلاس کو بتایا کہ وہ یومیہ بنیادوں پر واسا، ایل ڈی اے اور بلدیہ عظمی کی سکیموں کا جائزہ لے رہی ہیں۔
ری ویمپنگ پلان کے بعد لاہور میں ایک بھی گلی یا نالی کچی نہیں رہے گی :ذیشان رفیق



















