لاہور (اپنے رپورٹر سے) رواں سال پنجاب میں 40لاکھ ایکڑ پر کپاس کاشت کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور اب تک تین لاکھ 80ہزار ایکڑ پر کپاس کی اگیتی کاشت کی جا چکی ہے۔ محکمہ زراعت کے حکام نے چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان کو بریفنگ میں بتایا کہ بہاولپور ڈویژن میں سب سے زیادہ 18لاکھ69ہزار ایکڑ پر کپاس کاشت کی جائیگی،ملتان ڈویژن میں 9 لاکھ 45ہزار،ڈی جی خان 7 لاکھ 53 ہزار، ساہیوال ایک لاکھ 18 ہزار، فیصل آباد ایک لاکھ 15 ہزار اور سر گودھا ڈویژن میں ایک لاکھ 97 ہزار ایکڑ پر کپاس کاشت کی جائیگی۔ صوبہ میں کپاس کی کاشت کے اہداف کا جائزہ لینے کیلئے سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے کہا کہ کپاس کی فصل کیلئے سرٹیفائیڈ بیج، کھادوں اور نہری پانی کی فراہمی کویقینی بنایا جائیگا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کپاس کی بوائی کے سلسلے میں کسانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اورمحکمہ زراعت کاشتکاروں کو مکمل تعاون اور رہنمائی فراہم کرے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ زراعت کا شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، کپاس کی فصل کا پیداواری ہدف حاصل کر کے کثیر زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بہاولپور، ملتان اور ڈی جی خان ڈویژن کے کمشنرز کو کپا س کی کاشت اور فصل کی مکمل مانیٹرنگ کرنے سے متعلق ہدایات بھی جاری کیں۔ سیکرٹری زراعت نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ کپاس کی کاشت کے سلسلے میں ملتان سے باقاعدہ مہم شروع کر دی گئی ہے اوراگیتی کاشت کا ہدف 7 لاکھ ایکڑ مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہ اگیتی کاشت کے ذریعے کپاس کی بہتر پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کپاس کی کاشت اور پیداوار کے اہداف کے حصول کیلئے صوبے، ڈویژ نزاور اضلاع کی سطح پر کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں،محکمہ زراعت لینڈ انفارمیشن اور مینجمنٹ سسٹم (LIMS) کی مدد سے کپاس کی کاشت کے اضلاع میں ایڈوائزری فراہم کریگا۔ اجلاس میں آبپاشی اور خزانہ کے محکموں سے سیکرٹریز اور محکمہ زراعت کے افسران نے شرکت کی جبکہ بہاولپور، ملتان، ڈی جی خان، ساہیوال، فیصل آباد، سرگودھا کے ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
پنجاب میں 40 لاکھ ایکڑ پر کپاس کاشت کرنے کا ہدف مقررکردیا :چیف سیکرٹری



















