فیصل آباد: جماعت اسلامی کے زیراہتمام مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے غزہ مارچ

فیصل آبا:د (صداقت علی)جماعت اسلامی کے زیراہتمام مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے غزہ مارچ، فلسطینی پرچم اٹھائے خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے بھی مارچ میں شرکت کر کے اظہار یکجہتی کیا، شرکااسرائیلی مظالم کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے۔

ضلعی امیر جماعت اسلامی محبوب الزمان بٹ اور ضلعی ناظمہ ڈاکٹر فہمیدہ کی قیادت میں غزہ مارچ کے شرکاءچنیوٹ بازار سے کچہری چوک تک گئے، مارچ میں فلسطینی پرچم اٹھائے خواتین اور بچوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاءنے اسرائیلی مظالم بند کرنے اور فلسطین کی آزادی کے مطالباتی بینرز اٹھا رکھے تھے اور انہوں نے اسرائیلی فوج کی بربریت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔

مارچ کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مسلم ممالک کے حکمران فلسطین میں اسرائیلی دہشت گردی رکوائیں۔ غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کو خوراک اور ادویات پہنچائی جائیں۔ او آئی سی غزہ مسئلے پر امت مسلمہ کی ترجمانی کرنے میں ناکام رہی ہے۔عالمی برادری کیلئے سب سے بڑا چیلنج غزہ میں اسرائیلی قتل عام روکنا ہے۔ اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم کو نہ روکا گیا تو اس سے پوری دنیا کا امن خطرے میں پڑ جائے گا۔عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ حق کا ساتھ دے۔

مقررین نے کہا6ماہ سے غزہ کے مظلوم مسلمانوں پر بارود کی بارش ہورہی ہے۔غزہ کا پوری دنیا سے زمینی،فضائی اور مواصلاتی رابطہ منقطع ہو چکا ہے، فلسطین کے بچے ، مائیں ، بہنیں ، بیٹیاں پکار رہی ہیں ، جنہیں صہیونی ظلم سے بچانا بنی اکرم سے محبت کا تقاضا ہے ،اسرائیلی بمباری سے سے ہزاروں گھروں سمیت،سکول ،ہسپتال،مارکیٹس تباہ ہو چکی ہیں،شہداءاورزخمیوں کی تعدادہزاروں سے تجاوز کر چکی ہے،مظلوم فلسطینی عوام امیدبھری نظروں سے پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔