جمعتہ الوداع ”امن فار فلسطین“کے طور پرمنایا گیا،شہر شہر ریلیاں،مظاہرے

لاہور،اسلام آباد،کراچی،پشاور،کوئٹہ :( بیورورپورٹ،اپنے نمائندے سے) پاکستان علما کونسل کی اپیل پر جمعتہ الوداع ”امن فار فلسطین“کے طور پرمنایا گیا،شہر شہر ریلیاں،مظاہرے،اسرائیلی پرچم نذر آتش،ملک بھر کی مساجد میں فلسطینیوں کے حق میں تقاریر ،قرار دادیں منظور،خصوصی دعائیںکی گئیں۔

علما و مشائخ نے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہاعالمی برادری ، اقوام متحدہ ، اسلامی تعاون تنظیم اور انسانی حقوق کی علمبردار بین الاقوامی تنظیمیںجنگ بندی کیلئے کوششوں میں تیزی لائیں ،سلامتی کونسل کی قرار داد پر عملدرآمد یقینی بنایاجائے،اقوام متحدہ کے رکن ممالک اسرائیل کو ہتھیاروں، دھماکہ خیز مواد و دیگر فوجی سازوسامان کی فروخت ،منتقلی روکیں۔

ادھرچیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان و نو منتخب سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر جمعتہ الوداع عالمی یوم القدس کے طور پر منایا گیا، مجلس وحدت مسلمین پاکستان و امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیر اہتمام ملک کے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں قبلہ اول کی آزادی ،مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کےلئے بعد از نماز جمعہ ریلیاں و اسرائیلی مظالم کےخلاف مظاہرے کیے گئے، خطبوں میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کےخلاف بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایاگیا۔