این ایف سی انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ کے ملازمین سراپا احتجاج،دھرنا

فیصل آباد:(بیورو رپورٹ ) این ایف سی انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ کے ملازمین اپنے مطالبات کے حق میں سراپا احتجاج۔ جڑانوالہ روڈ پر احتجاجی کیمپ لگا کر مطالبات کی منظوری تک دھرنا دے دیا۔

ڈویژنل صدر ایپکا ذوالفقار علی کاہلوں کی قیادت میں ملازمین نے ادارے کے گیٹ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور غیر معینہ مدت کے لئے دھرنا دے دیا۔ مظاہرین نے این ایف سی انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹرز کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

ڈویژنل صدر ایپکا ذوالفقار کاہلوں نے کہا افسروں کی بے حسی کے باعث سینکڑوں ملازمین کی سات سال سے نہ پروموشن ہو رہی ہے اور نہ ہی پانچ سال سے تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا ، غیرقانونی تعینات ڈائریکٹرز نے کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ اسکیل ریوائز کر کے حکومتی نوٹیفکیشن کے مطابق تنخواہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین اپنے مطالبات کی منظوری تک احتجاجی دھرنا جاری رکھیں گے، ڈائریکٹرز کے استحصال کا شکار ملازمین اب روزانہ دھرنا کیمپ میں ہی افطاری اور سحری کریں گے۔