اعتکاف کا بنیادی مقصد گوشہ نشینی اور رضائے الٰہی کاحصول ہے :ڈاکٹر راغب نعیمی

لاہور (اپنے نمائندے سے) دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہاکہ اعتکاف کے دوران موبائل کا استعمال منع ہے۔ متعکفین نوافل، تلاوت، ذکر و اذکار اورکثرت سے استغفار کریں، اعتکاف کا بنیادی مقصد گوشہ نشینی اور رضائے الٰہی کاحصول ہے، اعتکاف کرنے والے ہر لمحے کو قیمتی جانتے ہوئے ذکر الہٰی میں گزاریں، طاق راتوں میںزیادہ سے زیادہ عبادات کی جائیں، لیلة القدر کو ایک ہزار مہنیوں کے عبادت سے افضل قرار دیا گیا ہے لہٰذا دوران اعتکاف سوشل میڈیا یا فضول کاموں میں روحانی لمحات کو ضائع نہ کیا جائے، ماہ صیام کے آخری عشرہ میں تمام روحانی فیوض وبرکات اور رحمتیں سمٹیں اوراللہ کریم سے مغفرت طلب کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں علما کرام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ رمضان المبارک ایک ایسا مقدس مہینہ ہے جس میں روزہ دار کے منہ سے نکلی ہوئی ہر دعا اللہ قبول کرتا ہے۔ اللہ رب العزت کو روزہ دار کا اخلاص اور تقویٰ بے حد محبوب ہے روزہ بھوکے پیاسے رہنے کا نام نہیں ہے بلکہ اللہ کی رضا کیلئے خلوص نیت کے ساتھ گناہوں سے بچنے اور مخلوق خدا کی مدد کرنے کا نام ہے۔