فیصل آباد:(صداقت علی)گردن پر ڈور پھرنے سے نوجوان آصف کی موت کے افسوسناک واقعہ کے بعد پولیس کی آنکھیں کھل گئیں۔ ضلع میں پتنگ بازوں اور پتنگ فروشوں کے خلاف کریک ڈاون شروع کر دیا گیا۔
پولیس نے 24 گھنٹے میں 49 پتنگ باز گرفتار کر کے سینکڑوں پتنگیں اور ڈور کی چرخیاں برآمد کر کے 48 مقدمات درج کرنے کا دعویٰ کردیا۔
سی پی او فیصل آباد علی ضیا نے کہا ڈجکوٹ روڈ پر گردن پر ڈور پھرنے سے آصف کی موت کے افسوسناک واقعہ پر ملزمان کی نشاندہی کے لئے دو اعلیٰ سطح ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں ایک ٹیم جدید وسائل کی مدد سے ملزم تلاش کر رہی ہے جبکہ ایس ایس پی آپریشنز کی قیادت میں ٹیم پتنگ فیکٹریوں پر چھاپے مار رہی ہے۔
علی ضیا نے دعویٰ کیا پتنگ سازوں اور اڑانے والوں کے خلاف 2345 مقدمات درج کئے جا چکے ہیں۔ نو بڑے مینوفیکچررز اور 805 دکانداروں سمیت 2508 ملزمان گرفتار کئے اور ایک لاکھ چھ ہزار سے زائد پتنگیں اور 5874 ڈور چرخیاں ضبط کی گئی ہیں۔ سی پی او نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے ڈرونز کیمروں کا استعمال کیا گیا۔ سوشل میڈیا پر پتنگ باز ایسوسی ایشن کا پیج بنا کر پتنگ بازی کی ترغیب دینے والے ملزم سمیت 25 ملزمان گرفتار کئے۔ خونی ڈور سے بچاو کے لئے 22 ہزار موٹرسائیکلز پر حفاظتی انٹینے لگائے جبکہ ٹرانسپورٹرز اور بلند عمارتوں کے مالکان سے شورٹی بانڈز لئے گئے کہ وہ اپنی ٹرانسپورٹ پر پتنگ اور ڈور کی ترسیل نہیں ہونے دیں گے اور نہ بلند عمارتوں پر پتنگ بازی کرنے کی اجازت دیں گے۔
فیصل آباد: پتنگ فروشوں کیخلاف کریک ڈاﺅن،درجنوں گرفتار



















