ادارے اندر سے کھوکھلے، سمندر پار کستانیوں کےلئے تفصیلی پلان بنا رہے ہیں :سالک

گجرات (بےورو رپورٹ) وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے میڈیانمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنرپنجاب کا انتخاب پیپلزپارٹی کا مینڈیٹ ہے۔ گورنر پنجاب کے فیصلہ پرہم سے مشاورت نہیں کی گئی نہ ہی اس حوالے سے ہم نے اپنے طور پر انہیں کوئی مشورہ دیا ہے وہ جو بہتر ہے کر سکتے ہیں۔ چارج لینے پر اندازہ ہوا کہ منسٹری میں بھی ہر چیز بکتی ہے۔ ادارے اندر سے کھوکھلے ہو چکے ہیںجائز کام بھی لوگوں نے پیسے دے کر کروانے ہیں تو اسکا کوئی فائدہ نہیں جلدبہتری ہوگی، سمندر پار کستانیوں کیلئے منسٹری تفصیلی پلان بنا رہی ہے۔ وزارت اوورسیز کی شکایات کیلئے پورٹل بنارہی تاکہ براہ راست آگاہ رہیں اوورسیز کو زمین خریدنے اور بیچنے کیلئے اب خرچہ کر کے پاکستان نہیں آنا پڑیگا۔ پہلے سعودیہ،یو اے ای، امریکہ، انگلینڈ، سپین کے سفارتخانوں کو نادرا کیساتھ لنک کیا جائیگا۔ سفارتخانوں میں ہی بائیو میٹرک ہونے پر منتقلی جائیداد کے بیان دینے کی باقاعدہ ویڈیو بھی بنے گی، کامیابی کے بعد اسکا دائرہ کار دوسرے ممالک تک پھیلائیں گے۔ شاید مجھے اوورسیز پاکستانیوں کی دعاوں سے یہ وزارت ملی میں نے کبھی بھی یہ منسٹری نہیں مانگی تھی اور نہ ہی کوئی میرا پلان تھامنسٹری آفس گجرات میں بنانے جا رہے ہیں جس کا اوورسیز کو فائدہ ہوگا۔ محسن نقوی آزاد امیدوار ہیں، سینٹ کیلئے ہم اور دیگر سیاسی جماعتوں انہیں سپورٹ کریں گے۔ حکومتی اتحادیوں کیساتھ وزارتوں کی نہیں ترقیاتی منصوبوں کی بات ہوئی ہم نے کبھی بھی چوہدری پرویز الٰہی کو یہ نہیں کہا کہ عمران خان کو چھوڑ دیں۔ پرویز الٰہی اور ان کی فیملی یہی سمجھتی ہے کہ ہم جیل میں انہیں منانے کیلئے جاتے ہیں۔ مونس الٰہی نے خود چوہدری شجاعت حسین کو کہا تھا کہ سیاست اپنی اپنی ہو گی ہم نے پرویز الٰہی اور ان کی فیملی سے یہی کہا ہے کہ ہم سے نفرت کی وجہ تو بتا دیں۔