قصور:(مہر حسن حسین) بلدیہ قصور کی مجرمانہ غفلت، لاپروائی اور عدم دلچسپی نے شہر کو کچرا کنڈی میں تبدیل کر دیا۔جگہ جگہ کوڑا کرکٹ اور غلاظت کے ڈھیرسے اٹھنے والے تعفن سے وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ پیدا ہوگیا، بلدیاتی اداروں کی چشم پوشی سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، سڑکوں پر سیوریج کا پانی جمع ہوگیا۔
اداروں کی ناقص کارکردگی کے نتیجے میں شہر بھر میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جن سے اُٹھنے والے تعفن نے مکینوں کی زندگی اجیرن کردی۔
صفائی کے ناقص انتظامات کے سبب شہر میں وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ ظاھر کیا جارھا ھے جو کسی بھی غیر معمولی صورتحال کا سبب بن سکتا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بلدیاتی ادارے کے افسران عملی اقدامات نہیں کرتے اور سوشل میڈیا اور اعلی' افسران کو کارکردگی دکھانے کے لیے خصوصی طور پر گروپ تصاویر بنواتے ہیں اگران کے علاقوں کا دورہ کیا جائے تو کچرے اور غلاظت کے ڈھیر سے بھرا ہوتا ہے۔
ذرائع کے مطابق بلدیاتی اداروں کی تمام تر توجہ مبینہ طور پر شہر بھر میں لگائے جانے والے پتھاروں، ٹھیلوں، کیبنوں اور دکانوں کی حدود سے باہر رکھے ہوئے سامان کی مد میں حاصل ہونے والی آمدنی پر ہی مرکوز رہتی ہے جبکہ فٹ پاتھوں پر قائم تجاوزات کے باعث پیدل چلنے والوں کو گزرنے کے سڑک استعمال کرنا پڑتی ہے۔بلدیاتی اداروں کی ناقص کارکردگی کی وجہ کوٹ بلوچاں، بستی شاھدرہ،کوٹمراد خان، کوٹ عثمان خان، روڈ کوٹ، ریلوے لائن، کوٹ غلام محمد خاں، رکن پورہ، قادر آباد، محمد نگر، کچہری روڈ، بستی برات شاہ، علی گڑھ، محمود پورہ، جماعت پورہ، ریلوے روڈ، شہباز خان روڈ سمیت دیگر علاقوں کی سڑکیں، گلیاں اور محلے نہ صرف صفائی سے محروم ہیں بلکہ جگہ جگہ کوڑے اور غلاظت کے ڈھیر سے علاقہ مکینوں کو شدید تعفن برداشت کرنا پڑتا ہے۔
انتظامیہ کی غفلت،قصور شہر کچرا کنڈی میں تبدیل



















