مرکزی مساجد کے باہر سکیورٹی گارڈز تعینات کر دئیے:ڈی پی او فیصل گلزار

حافظ آباد:(قمرعباس ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فیصل گلزار نے گذشتہ روز ماڈل بازار میں قائم کئے گئے سستارمضان بازار کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے پولیس ملازمین کو مزید ہدایات دیں۔

ڈی پی اوفیصل گلزار نے کہا رمضان المبار ک کے مقدس ماہ میں ضلع بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، تمام مرکزی مساجد کے باہر پولیس کے سکیورٹی گارڈز کی تعیناتی عمل لائی گئی ہے جبکہ مساجد انتظامیہ کو بھی نمازکے اوقات کے دوران پرائیویٹ گارڈز کھڑے کرنے کے عمل کو یقینی بنانے کی ہدایات کی گئی ہیں تاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو، انہوں نے مزید بتایا نماز تراویح، نماز فجراور مغرب کے دوران پولیس کی موبائل گاڑیاں بھی گشت پر مامور رہ رہیں گی،انہوں نے عوام پر زوردیا وہ ماہ مقدس کا بھرپور احترام کریں اور اسکی برکتوں اور نعمتوں کو اپنے دامن میں سمیٹ کر دنیا وآخرت کو بہتر بنائیں ۔