برطانیہ میں رمضان ، اسرائیلی کھجوروں کے بائیکاٹ کی مہم تیز

لندن (مشرق نیوز) برطانیہ میں مسلمان عام طور پر اشیائے خوردو نوش کی خریداری سے پہلے ان کی پیکنگ پر حلال لکھا ہوا دیکھنا لازمی سمجھتے ہیں مگر اس رمضان کے آغاز پر ان مسلمانوں نے مارکیٹوں میں شاپنگ سے پہلے یہ بھی یقینی بنانا چاہا ہے کہ وہ جو بھی چیز خرید رہے ہیں وہ کس ملک سے تیار ہو کر یا پیک پو کر آئی ہے۔ یہ اہتمام برطانیہ کے مسلمانوں نے مقابلتاً پہلی بار زیادہ جوش و جذبے سے کیاہے۔عرب ٹی وی کے مطابق یہاں مقیم مسلمان رمضان المبارک کے دوران عام طور پر افطاری کیلئے پھل اور مٹھائیاں استعمال کرتے ہیں۔ ان پھلوں میں کھجوروں کو بطور خاص شامل رکھا جاتا ہے۔ بلکہ کہنا چاہیے کہ افطاری کے اہم ترین لوازمے کے طور پر کہ کھجور کا افطاری کیلئے استعمال سنت نبوی ہے اسلئے سحر و افطار میں اللہ کے نبیکی سنت سے وابستگی کا ثواب بھی حاصل کرتے ہیں۔اس سال رمضان شروع ہوتے ہی کھجوروں کی خریداری تو بڑھ گئی مگر اس احتیاط کے ساتھ کہ یہ کھجوریں کس ملک سے برطانیہ آئی ہیں۔ واضح رہے اسرائیل ان ملکوں میں شامل ہے جہاں سے کھجوریں در آمد ہو تی ہیں۔ اسرائیل سے آئی ہوئی کھجوروں کا بائیکاٹ برطانوی مسلمانوں نے اپنے لئے لازمی قرار دے رکھا ہے۔ اسرائیل سے کھجوروں کی درآمد سالانہ بنیادوں پر تیس ہزار ٹن کی جاتی ہے۔ جس کی مالیت تقریباً 10 ملین ڈالر ہے۔ اس مرتبہ ان اسرائیلی کھجوروں سمیت بہت ساری دوسری چیزوں کی طرح ایک نئی پیشرفت ہے۔دنیا بھر کی طرح برطانیہ میں بھی غزہ میں اسرائیلی جنگ میں 13 ہزار فلسطینیوں کی ہلاکت اور 23 لاکھ کو بے گھر کرنے کے خلاف اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم جاری ہے۔