مسترد مجرموں کو وزارتوں کی بندربانٹ نام نہاد جمہوری نظام پر طمانچہ ہے،پی ٹی آئی

اسلام آباد،لاہور: (بیورورپورٹ،خبر نگار)مسترد شدہ مجرموں کو وزارتوں کی بندربانٹ نام نہاد جمہوری نظام پر طمانچہ ہے،پی ٹی آئی نے وفاقی کابینہ کو جعلی قراردےکر مسترد کردیا۔

ترجمان نے اپنے بیان میں کہاعوام کے ہاتھوں ذلت آمیز شکست کھانے والے کرداروں نے حد درجہ ہٹ دھرمی و بے شرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جعلی و غیر آئینی کابینہ کا حلف اٹھایا،جعلی وزیر اعظم کی جعلی کابینہ بظاہر غیر آئینی نگران حکومت کا تسلسل ہے، 2سالوں کے دوران ملکی معیشت کو تباہی کی دلدل میں دھکیلنے کے ذمہ داروں کی ایک مرتبہ پھراہم عہدوں پر تعیناتی عوام دشمنی کے سوا کچھ نہیں،ترجمان نے کہاکرائم منسٹر شہباز شریف کی پی ڈی ایم حکومت کی کم و بیش 100 رکنی کابینہ کی کارکردگی کی قیمت آج تک پاکستانی قوم ادا کر رہی ہے،ترجمان نے کہاوفاقی کابینہ میں محسن نقوی جیسے ناموں کی شمولیت نے نگران حکومت ،الیکشن کمیشن کے جانبدارانہ و غیر آئینی کردار پر مہر تصدیق ثبت کر دی ۔

پی ٹی آئی ترجمان نے کہاقوم نے زبردستی مسلط کیے جانےوالے مجرموں کےخلاف اپنی آواز بلند کر کے فیصلہ سنا دیا ،جمہوریت و عوام کے مینڈیٹ کی مسلسل توہین کیلئے ریاستی مشینری کا خلاف قانون استعمال ترک کیا جائے۔

دوسری جانب پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں نامزد قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑدھکڑ پر خبردار کرتے ہوئے کہاپارلیمانی کمیٹیز میں پنجاب ،اسلام آباد کے آئی جیز سمیت کئی افسروں کے اکاو¿نٹس چیک کرائیں گے،انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی جارہی ہے، سپریم کورٹ نوٹس لے،آئی جی ن لیگ کا گھریلو ملازم بن کر رہ گیا ، پولیس وردیوں میں ڈکیت بیٹھے ہیں،عمران خان ، بشریٰ اور تمام پابند سلاسل کارکنوں کی رہائی کےلئے کوشش کریں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا عمران خان کےخلاف تمام مقدمات غیرآئینی طریقے سے چلائے گئے ،سپریم کورٹ نوٹس لے، امید کرتے ہیں انصاف ملے گا، تیزی کےساتھ فیصلے ہونے چاہئیں چاہے سپریم کورٹ، ہائی کورٹ یا پھر ٹرائل کورٹ ہو۔

ادھر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنمالطیف کھوسہ نے کہا جعلی و فارم 47 کی جبری مسلط حکومت ہے،سمجھتے ہیں ڈنڈا شاہی سے حکمرانی کرلیں گے،پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان میں الگ الگ قانون ہیں، حکومت کی بوکھلاہٹ سب نے دیکھ لی، جب تک مینڈیٹ نہیں ملتا احتجاج کرتے رہیں گے، دیکھیں گے حکومت کس طرح چلتی ہے۔