ساہیوال (چوہدری اشرف سے) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی غریب خاندانوں کی کفالت کے ”نگہبان رمضان پروگرام“ کے تحت ساہیوال ڈویژن میں اب تک 82509 گھرانوں میں راشن بیگ تقسیم کر دئیے گئے ہیں۔ ضلع ساہیوال میں 32186،ضلع اوکاڑہ میں 32354 اور ضلع پاکپتن میں 17966 بیگ تقسیم کئے گئے۔ پیکیج کے تحت ساہیوال ڈویژن کے 539863 خاندانوں کو راشن فراہم کیا جائیگا جن میں سے اب تک ضلع ساہیوال کے 190350مستحق افراد میں سے 142708، ضلع اوکاڑہ کے 235002میں سے 187975جبکہ ضلع پاکپتن کے 114511افراد میں سے 102108افراد کی تصدیق کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ اسی طرح ڈویژن بھر میں 927ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر راشن تقسیم کرنے میں مصروف عمل ہیں۔ کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید بھی راشن تقسیم کے عمل کا مسلسل معائنہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے چیچہ وطنی اور اختر آباد میں پیکنگ سنٹرز بھی چیک کئے۔ انہوں نے کہا کہ اشیاءصرف کے وزن اور کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ غریب عوام تک وسائل کی فراہمی عبادت سمجھ کر کی جائے اور فیلڈ ٹیمیں گھر گھر جا کر مستحقین کو راشن بیگ تقسیم کریں۔دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے شہر کے بازاروں میں سیوریج مسائل کے مستقل حل کیلئے جامع منصوبہ بنانے کی ہدایت کر دی، دوکانداروں اور خریداری کے لئے آنے والوں کو در پیش مشکلات سے بچانے کیلئے ضروری ہے کہ کارپوریشن کا عملہ باہمی رابطے کو بہتر کرکے ان کے مسائل کا حل نکالے،کمشنر کی ہدایت۔ اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے چیف آفیسر کو ہدایت کی کہ شہر میں صفائی کی جاری مہم پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کی جائے،اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کو آرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر اور ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹرسیف اللہ سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ہائی سٹریٹ کی ڈرین کی صفائی کے کام کو تیز کرنے اور اسے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ اس سے بازاروں میں سیوریج اوور فلو کے مسائل حل ہو سکیں۔
نگہبان رمضان پروگرام، ساہیوال ڈویژن میں 82509 گھرانوں میں راشن بیگ تقسیم کر دئیے : کمشنر



















