قرض پر قرض لینا دانشمندی نہیں، پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرینگے :احسن اقبال

نارووال (بیورو رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ قرض پی قرض لینا دانشمندی نہیں، حکومت کی پوری توجہ ہے اگلے دو سالوں میں پیداواری صلاحیت، آمدنی میں اضافہ کریں۔ نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت جو ورثے میں ملی کھوکھلی ہو چکی ہے، بانی پی ٹی آئی نے چار سال میں معیشت کی اینٹ سے اینٹ بجا دی۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کو نئے سرے سے کھڑا کرنا ہوگا، 7 ہزار ارب ٹیکس وصول ہوتا ہے قرضوں کی ادائیگی کیلئے 7300 ارب روپے چاہئیں، پورے کا پورا ملک ادھار پر چل رہا ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جب ملک کی آمدنی میں اضافہ نہیں ہوتا جو بھی سہولت دیں گے قرض اٹھا کر دیں گے، دانشمندی نہیں کہ قرض پر قرض لئے جائیں، اگلے دو سالوں میں پیداواری صلاحیت اور آمدنی میں اضافے کی کوشش کرینگے۔