لیسکو کا بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاﺅن جاری ،چیف ایگزیکٹو کیلئے نیشنل انجینئرنگ ایکسی لنسی ایوارڈ

لاہور ( خبر نگار ) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری،پچھلے24گھنٹوں میں 375ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 375ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے 132کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں۔پکڑے جانے والے کنکشنز میں 6 کمرشل،1انڈسٹریل،5زرعی اور364 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشن منقطع کرکے ان کو2 لاکھ69 ہزار6سو70 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت89لاکھ18 ہزار9سو77 روپے ہے۔بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اوران کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ انسداد بجلی چوری مہم کو174روزمکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل 60 ہزار4سو39 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 55 ہزار5 سو60ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروا کر 19 ہزار2سو66 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔بجلی چوروں کو اب تک 7 کروڑ 90 لاکھ12 ہزار9سو16 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 3 ارب ایک کروڑ81 لاکھ95 ہزار4 سو57روپے ہے۔لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہیگا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔ دوسری طرف انجینئرز انسٹیٹیوٹ آف پاکستان کی جانب سے چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئرز شاہد حیدر کو نیشنل انجینئرنگ ایکسی لنسی ایوارڈ دیا گیا۔ انجینئرز انسٹیٹیوٹ آف پاکستان کی جانب سے ایکسپو سینٹر میں ورلڈ انجینئرنگ ڈے منایا گیا جس میں پورے پاکستان سے انجینئرز نے شرکت کی۔اس تقریب میں اچھی کارکردگی دکھانے والے انجینئرز کو ایوارڈ دئیے گئے۔پریزیڈنٹ انجینئر فرحت عادل اور جنرل سیکرٹری انجینئر عامر ضمیر احمد خان نے ایوارڈ دئیے۔اسی سلسلے میں چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہدر کو اچھی کارکردگی دکھانے پر ورلڈ انجینئرنگ ڈے کے موقع پر نیشنل انجینئرنگ ایکسی لنسی ایوارڈ سے نوازا گیا۔واضح رہے چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی لیسکو میں ریکارڈ ریکوری کی گئی اور لائن لاسز کو بہتر کیا گیا ساتھ ہی ساتھ بجلی چوروں کے خلاف اپریشنز بھی کئے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے لیسکو میں بجلی چوروں کی تعداد میں کمی ہوتی جا رہی ہے۔چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر نے اس موقع پر انجینئرز انسٹیٹیوٹ آف پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔چیف ایگزیکٹو نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ لیسکو میں بجلی چوری کے خاتمہ کو یقینی بنائیں گے اور لیسکو کو ترقی کی راہوں پر گامزن رکھیں گے۔