”نگہبان رمضان“پروگرام،ننکانہ میں راشن تقسیم

ننکانہ صاحب:(چودھر ی نصر اقبال سے)ننکانہ صاحب میں حکومت پنجاب کے”نگہبان رمضان“پروگرام کے تحت راشن کی تقسیم کا عمل شروع کر دیا گیا ، رمضان المبارک کے دوران ضلع ننکانہ کے 91500 مستحق گھرانوں تک راشن پہنچایا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ضلع میں”نگہبان رمضان“ ریلیف پیکیج کے تحت مستحقین کا حق دہلیز تک پہنچانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ، نگہبان رمضان پروگرام کے حوالہ سے ڈپٹی کمشنر ننکانہ چودھر ی ارشد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ضلعی انتظامیہ ننکانہ کے سنیئر افسروں کی سربراہی میں مستحقین کے ڈیٹا کی تصدیق ، فوڈ ہیمپر کی تیاری کا عمل جاری ہے، ضلع کی تینوں تحصیلوں میں 57 راشن پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جہاں سے مستحق افراد کے گھروں تک امدادی سامان کی ترسیل کی جائےگی، تمام پوائنٹس پر سینئر افسران کی سربراہی میں کمیٹیاں بھی تشکیل دی جا چکی ہیں ، قائم کردہ کمیٹیاں سامان کی ترسیل سمیت ویری فکیشن کے عمل کو بھی یقینی بنائیں گی۔

نگہبان رمضان پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کےلئے ڈپٹی کمشنر چودھری ارشد نے جمنازیم ہال کا اچانک دورہ کیا اور مستحقین تک پہنچائی جانے والی اشیاءکی کوالٹی اور پیکنگ کے عمل کا جائزہ لیا،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر چودھری ارشد نے کہا پہلے ٹیسٹ فیز میں ضلع کی تینوں تحصیلوں میں 900 فوڈ ہیمپرز تصدیق شدہ مستحقین کے گھروں تک پہنچانے کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے ، ٹیسٹ فیز کے دوران ہر تحصیل میں تین تین سو مستحقین کے گھروں میں نگہبان رمضان فوڈ ہیمپر پہنچائے جا چکے ہیں، ٹیسٹ فیز سے نگہبان رمضان ریلیف پیکیج گھروں تک پہنچانے کی عملی شکل کی جانچ ہو گی ہے۔