ہالینڈ پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کر رہاہے، ہینی ڈی وریس

فیصل آباد (بیورو رپورٹ)ہا لینڈ کی سفیر ہینی ڈی وریس نے کہا ہے کہ اس وقت ہالینڈ کی55کمپنیاں پاکستان میں خطیر سرمایہ کاری کر رہی ہیں جبکہ مستقبل میں مزید ادارے یہاں سرمایہ کاری کے لئے آئیں گے ۔ پاکستان اور ہالینڈ کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے فائدہ اٹھا کر نہ صرف زرمبادلہ میں اضافہ کیا جا سکتا ہے بلکہ عوام کو بڑی تعداد میں روزگار کی فراہمی بھی ممکن ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں ایکزو نوبل پینٹ کمپنی کے نئے مینو فیکچرنگ پلانٹ کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر شمس پاور کے چیئرمین ندیم بابر ، ایکزو نوبل کے ڈائریکٹر مینو فیکچرنگ اور سپلائی چین ساوتھ ایشیا پیسیفک فریڈ مورکس ، گلوبل ڈائریکٹر ہیلتھ و سکیورٹی مس میریک بلینبرگ اور ایکزو نوبل پاکستان لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر مبشر عمر بھی موجود تھے۔

ہا لینڈ کی سفیر ہینی ڈی وریس نے مزید کہاکہ آٹھ ارب روپے کی اس سرمایہ کاری کے ساتھ25ایکڑ رقبے پر محیط فیصل آباد پلانٹ پاکستان میں ایکزو نوبل کی اب تک کی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہے ۔اس پلانٹ میں جہاں ملازمین کو متعدد سہولتیں فراہم کی گئی ہیں وہاں ماحولیاتی تحفظ یقینی بنانے کے لئے بھی اقدامات کئے گئے ہیں ۔ اس پلانٹ کے قیام سے مجھے بے حد خوشی ہوئی ہے کیونکہ پاکستان کا دنیا میں ایک اہم مقام ہے اور یہاں سی پیک جیسے منصوبے پر بھی کام ہو رہا ہے ۔

ایکزو نوبل پاکستان لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر مبشر عمر نے کہا کہ پاکستان میں پینٹ اور کوٹنگز کے صارفین کو عالمی معیار کے سالوشنز کی فراہمی کیلئے گرین فیلڈ سائٹ میں سرمایہ کاری،پاکستان میں اور پاکستان کے ساتھ ترقی کرنے کے ہمارے عزم کو ثابت کرتی ہے۔اس پلانٹ میں پینٹ کی تیاری،لکڑی کی فنشنگ اورکوٹنگز کے ساتھ آٹو موٹیو اور اسپیشلٹی،کوائلز اور حفاظتی کوٹنگز تیار کی جائیں گی۔ ڈائریکٹر مینو فیکچرنگ اور سپلائی چین،ساو¿تھ ایشیا پیسیفک فریڈ مورکس نے کہا کہ نئے مینو فیکچرنگ پلانٹ کو مستقبل میں پیداوار کے حجم میں توسیع کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔مینو فیکچرنگ کے بہترین طریقے یہاں کام کرنے والے200 ملازمین کی حفاظت کو ترجیح دیتے ہوئے پیداوار ی صلاحیت کو بڑھاتے ہیں ۔ یہاں5450 میٹر رقبے پر میاواکی شجرکاری بھی کی گئی ہے جبکہ یہاں پہلی بارشاپ فلور پر خواتین عملے کو رکھا گیا ہے،جو کمپنی کے تنوع اور شمولیت پر پختہ یقین کی عکاسی کرتا ہے۔ایک علیحدہ جگہ پر”وویمن انسپائرڈ نیٹ ورک“بنایا ،جمنا زیم،یوگا اور دیگر کھیلوں کی سہولتیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔