لاہور (قمر عباس نقوی) قومی اسمبلی کے اجلاس کی سمری کو صدر پاکستان کی جانب سے مسترد کرنے کے بعد اجلاس کو طلب کرنے کے معاملہ پر مختلف آئینی اور قانونی ماہرین نے روزنامہ ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر انتخابات ہونے کے 21روز کے اندر صدر مملکت قومی اسمبلی اجلاس طلب نہیں کرتے تو ان پر آرٹیکل 6کا اطلا ق ہو گا اور اسکے مطابق قانونی کارروائی ہو گی کیونکہ عام انتخابات کے بعد حکومت سازی کیلئے قومی اسمبلی کے اجلاس نتائج کے 21روز کے بعد صدر پاکستان کو آرٹیکل54 کے مطابق پہلا اجلاس بلانے کا اختیاررکھتے ہیں بصورت دیگر آرٹیکل 91/2 کے تحت اجلاس خود بخود منعقد ہو جاتا ہے جس کی اطلاع سیکرٹری قومی اسمبلی دیگا۔ آرٹیکل 54تھری کے تحت سپیکر قومی اسمبلی اجلاس طلب کر سکتا ہے۔ اگر صدر پاکستان آئینی ذمہ داری ادا نہ کرتے ہوئے آئین شکنی کے مرتکب ہو رہے ہیں صدر مملکت کو عوامی مینڈیٹ کا احترام کرنا ہو گا ۔ صدر علوی کی ہر آئین شکنی اور عہدے کا غلط استعمال تاریخ کا حصہ رہیگا، کسی بھی جمہوری ملک میں صدر کی حیثیت ایک ربڑ سٹیمپ سے زیادہ کچھ نہیں اور نہ ہی عوامی مینڈیٹ کو ایک سمری کو منظور نہ کر کے ختم کر سکتا ہے جس کو بھی پاکستانی عوام نے ووٹ دیا ہے، اسکو آئینی طور پر وزیر اعظم بننے سے روکا نہیں جا سکتا۔ قانونی ماہر ایڈوو کیٹ ہائیکورٹ رانا ندیم صابر نے کہا کہ عام انتخابات کے بعد پہلا اجلاس بلانے کے حوالے سے آئین واضح ہے۔ قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس آئین کے آرٹیکل 91 دو کے مطابق 21دن تک طلب کرنا ضروری ہے۔ اگر اجلاس 21 دن سے پہلے طلب کرنا ہو تو پھر صدر اجلاس طلب کریگا ورنہ قومی اسمبلی کا اجلاس عام انتخابات کے بعد 21 ویں دن منعقد ہوجائیگا۔ صدر پاکستان نے اگر اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اجلاس طلب نہ کیا تو انکے خلاف آرٹیکل 6کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ صدر کے آئین کے آرٹیکل 54 کی شق ایک کے تحت قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کیلئے اختیارات کی 21 دن تک کی حد ہے، اسکے بعد اجلاس خود بخود منعقد ہو گا اسکا نوٹیفکیشن سیکرٹری اسمبلی کریگا۔ مظہر محمود بھٹی ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے کہا کہ 18ویں ترمیم میں آئین کے آرٹیکل 91 ٹو میں ترمیم کی گئی جس میں صدر مملکت کو پابند کیا گیا تھا کہ وہ 21روز میں قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کریں گے۔ 18اکتوبر 2002کے عام انتخابات کے 37روز بعد 16نومبر 2002کو ہوا تھا اسی طرح 18فروری 2008 کو ہونے والے عام انتخابات کا پہلا اجلاس 28بعد میں 17مارچ ہوا تھا۔ آئین کے آرٹیکل 91 کی شق دو کے تحت قومی اسمبلی کو عام انتخابات کے دن کے بعد سے 21 دن کے اندر اجلاس کرنا ضروری ہوتا ہے۔ اس شق کے تحت صدر پہلے بھی اجلاس طلب کر سکتے ہیں۔ میاں اکرم چاچڑ ایڈووکیٹ ہائی کورٹ نے بتایا کہ صدر کی سمری کو واپس بھیجنے کے بعد اب وزارت پارلمانی امور دوبارہ نگراں وزیر اعظم کو قومی اسمبلی کے سیشن کو بلانے کی سمری جمع کروائیں گے جس پر وہ اپنی تجاویز دیکر قومی اسمبلی کے سپیکر کو بھجوا دیں گے جس کے بعد قومی اسمبلی کا سیکرٹری اجلاس کا نوٹیفیکیشن جاری کریگا۔ ردا نو ر قانونی ماہر ایڈووکیٹ ہائی کورٹ نے کہا کہ صدر نے سمری پر قومی اسمبلی کا اجلاس نہ بلایا تو 29 فروری کو اسپیکر آئین کے آرٹیکل 54تھری کے مطابق خود اجلاس بلا سکتا ہے، 21 دن کی آئینی مہلت کے حساب سے 29 فروری آخری تاریخ بنتی ہے امید کی جارہی ہے کہ اجلاس کا نوٹیفکیشن سیکرٹری اسمبلی کی جانب سے جاری کرتے ہوئے اجلاس آج منعقد ہو جائے گا نوجوان ایڈووکیٹ محمد احمد اور عبداللہ کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 91 کی شق دو کے تحت 29 فروری تک اجلاس ہونا آئینی تقاضا ہے، صدر 21 دن میں اجلاس نہ بلا کرآئینی خلاف ورزی کے مرتکب ہوں گے، آئین میں کہیں نہیں لکھا صدر نئی قومی اسمبلی کے اجلاس کی سمری روک سکتا ہے، صدر مخصوص نشستوں کو بنیاد بنا کر بھی اجلاس نہیں روک سکتا۔ کہ صدر کی طرف سے نئی منتخب اسمبلی کے اجلاس بلانے میں تاخیر اپنے اختیار کا ناجائز استعمال ہے، صدر پر لازم ہے کہ وہ وزیراعظم کی سمری پر بلا تاخیر قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کریں تاکہ قومی اسمبلی متحرک ہو۔ صدر کو آئین کی پاسداری کرنا ہو گی۔ صدر علوی کی ہر آئین شکنی اور عہدے کا غلط استعمال تاریخ کا حصہ رہے گا، قومی اسمبلی کے انتخابات مکمل ہو چکے صدر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے پابند ہیں۔
صدر پر 21 روز میں قومی اسمبلی کا اجلاس بلانا لازم،خلاف ورزی پر آرٹیکل 6 کا اطلاق ہوگا: قانونی ماہرین



















