اوکاڑہ:(شہرو زعلی )اوکاڑہ مقامی عدالت نے 2 معصوم بچوں کی قاتل کو 2 مرتبہ سزائے موت کا حکم سنا دیا،عدالت نے مقدمہ کی دوسری دفعات میں ملزمہ کو 7/7 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا بھی سنائی۔
استغاثہ کے مطابق مارچ 2022 میں اسلام پورہ رینالہ خورد کے رہائشی زاہد اقبال کے 2 معصوم بچوں 4سالہ حماداور 5سالہ جواد کو ملزمہ شکیلہ بی بی جو بچوں کی چاچی تھی ورغلا پھسلا کر نہر لوئر باری دواب پر لے گئی اور بچوں کو نہر میں پھینک دیا جس سے بچے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے، ملزمہ کی ایک یوم قبل بچوں کی لڑائی پر مقتولین کی دادی سے توں تکرار ہوئی تھی، وقوعہ کا تھانہ چوچک میں مقدمہ نمبر 94/2022 بجرم زیر دفعہ201/302/363 درج رجسٹرڈ کیا گیا۔
پولیس تھانہ چوچک کے تفتیشی آفیسر نے میرٹ پر تفتیش کرتے ہوے عدالت میں چالان اور ٹھوس شہادتیں پیش کیں جس پر ایڈیشنل سیشن جج سید فہیم شاہد کی عدالت نے بعد از سماعت استغاثہ سچ ثابت ہونے کی بناءپر ملزمہ شکیلہ بی بی کو قتل کی دفعہ کے تحت 2 مرتبہ سزائے موت کا حکم سنایا اور دوسری دفعات میں ملزمہ کو 7/7 سال قید کی سزا کا حکم سنایا ،عدالت نے ملزمہ کو 5 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم بھی سنایا،عدالت کے فیصلے پر مرنے والے معصوم بچوں کے لواحقین نے محکمہ پولیس کی کارکردگی کو سراہا ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی میرٹ پر تفتیش کی وجہ سے انہیں عدالت سے انصاف ملا ۔
اوکاڑہ:معصوم بچوں کو قتل کرنیوالی ملزمہ کو 2 بار سزائے موت کا حکم



















