نئے کاروبار ، معاشی ترقی حکومت پنجاب کا انقلابی اقدام ہے: سند س ارشاد

حافظ آباد:(قمر عباس)ڈپٹی کمشنر حافظ آباد سند س ارشاد نے کہا ہے نئے کاروبار اور معاشی ترقی حکومت پنجاب کا انقلابی اقدام ہے، ضلعی انتظامیہ کاروباری افراد کی سہولت کے لیے بھرپور اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے تا کہ نئے اور بہتر کاروبار کے مواقع پیدا ہونے سے نہ صر ف مقامی سطح پر عوام کو روزگار کے مواقع میسر آسکیں گے بلکہ ملکی معاشی صورتحال کو بھی بہتر بنایا جا سکے گا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار نئے پٹرول پمپس لگانے والے مالکان کو این او سی اوراجازت نامہ دیتے ہوئے کیا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حمد اللہ بھی اس موقع پر موجو دتھے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہاپنجاب حکومت کا ویژن ہے کہ عوام کو روزگار کے لیے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیا جائیں اور اس سلسلہ میں تمام ضروری مراحل کو سہل طریقے سے سر انجام دیا جائے تا کہ کاروباری افراد کو مختلف دفاتر کے چکر لگانے کی بجائے انہیں با عزت طریقے سے کاروبار شروع کرنے کے مواقع میسر آ سکیں، مقامی سطح پر جب عوام اور بالخصوص سر مایہ دار افراد کو کاروبار کرنے کےلئے آسان اور بہتر سہولیات میسر آئیگی تو تبھی لوگ اپنا روپیہ پیسہ کاروبارمیں انویسٹ کر سکیں گے اس سے ملکی سطح پر معاشی خوشحالی بھی آئیگی اور کئی افراد کےلئے نئے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہونگے۔