ساہیوال (بےورو رپورٹ) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن ساہیوال نے یکم مارچ سے شروع ہونے والے میٹرک سالانہ امتحانات 2024کے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں جس میں ایک لاکھ65ہزار 438طلبا و طالبات شریک ہونگے۔ بورڈ نے امتحان کیلئے طلبا و طالبات کو رولنمبر سلپس اور ڈیٹ شیٹ بھی جاری کر دی ہے۔ یہ بات کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رانا نوید عظمت نے کمشنر آفس میں چیئر پرسن بورڈ /کمشنر ساہیوال ڈویڑن شعیب اقبال سید کو امتحانات کے انتظامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر بھی اجلاس میں موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ کلاس دہم کے پیپر یکم مارچ سے شروع ہو کر 18مارچ تک جاری رہیں گے جس میں 73922طلبا و طالبات شریک ہونگے جن میں سے 38968طالبات اور 34954طلبا ہیں اسی طرح کلاس نہم کے پیپر 19مارچ سے شروع ہو کر 5 اپریل کو اختتام پذیر ہونگے جن میں 91516طلبا و طالبات حصہ لیں گے جن میں سے 45213 طالبات اور 46287طلبا ہیں -کمشنر /چیئرپرسن ساہیوال بورڈ شعیب اقبال سید نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پیپرز کے دوران سٹوڈنٹس کو بہترین ماحول فراہم کیا جائے جن میں امتحانی کمروں کا ہوادار ہونا،مناسب روشنی مہیا ہونا اور ہر ہال یا کمرے میں وال کلاک کا ہونا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ سٹوڈنٹس کیلئے پینے کے پانی کا بھی مناسب انتظام کیا جائے۔کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رانا نوید عظمت نے مزید بتایا کہ امتحانات کے دوران سکیورٹی کے بھی بہترین انتظامات کئے گئے ہیں اور ہر امتحانی سنٹر پر دفعہ 144نافد کر دی گئی ہے جبکہ ڈویژن کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی چیکنگ کیلئے خصوصی اختیارات سونپ دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کلاس دہم کے امتحانات کے لئے 217اور کلاس نہم کے لئے 284امتحانی سنٹرز بنائے گئے ہیں جن پر عملے کی ڈیوٹیاں بھی لگا دی گئی ہیں۔دریں اثناءڈائریکٹر ڈویلپمنٹ و لوکل گورنمنٹ ساہیوال ڈویڑن ڈاکٹر سیف اللہ کامیونسپل کارپوریشن اور محکمہ پبلک ہیلتھ کے افسران کے ہمراہ شہر میں سیوریج مسائل کے مستقل حل کیلئے تفصیلی دورہ ،سیوریج لائنوں کی صفائی اور خراب لائنوں کی مرمت کے احکامات جاری کئے۔ کمشنر ساہیوال ڈویڑن شعیب اقبال سید کی ہدایت پر شہریوں کو در پیش سیوریج مسائل حل کرنے کیلئے کارپویشن کے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، ڈاکٹر سیف اللہ۔ تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج مسائل حل کرنے کیلئے کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید کی ہدایت پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ نے چیف آفیسر شیخ اشفاق احمد کے ہمراہ گلستان روڈ ،لیاقت روڈ ،تحصیل روڈ اور ملحقہ سڑکوں کا دورہ کیا اور سیوریج لائنوں کی صفائی کے جاری کام کا معائنہ کیا۔ انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ پسپ پروگرام کے تحت نئی سیوریج لائنوں کے فنکشنل ہونے تک پرانی لائنوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہر کے مختلف علاقوں میں سیوریج کے دیرینہ مسائل حل کئے جا سکیں۔ چیف آفیسر شیخ اشفاق احمد نے بتایا کہ ہائی سٹریٹ اور گلستان روڈ کی سیوریج لائنوں کی صفائی ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے جسے اگلے چند روز میں مکمل کر لیا جائے گا جس کے بعد کمرشل علاقے کے سیوریج مسائل بڑی حد تک حل ہو جائیں گے۔
میٹرک امتحانات کے دوران طلبہ کو بہترین ماحول فراہم کیا جائے: کمشنر ساہیوال



















