لاہور ہائیکورٹ ، پی ایس ایل کی سکیورٹی سے متعلق اخراجات کی تفصیلات طلب

لاہور (کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے شہر میں سموگ کے تدراک کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کی سکیورٹی سے متعلق اخراجات کی تفصیلات طلب کرلیں اور ریمارکس دیئے کہ پی ایس ایل کے باعث لاہور میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوجاتا ہے۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے شہر میں سموگ کے تدراک کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔عدالت میں واسا،پی ایچ اے، حکومت وکیل سمیت دیگر محکموں کے لیگل ایڈوئزر پیش ہوئے۔سماعت کے دوران عدالت نے آج سے شروع ہونے والے کرکٹ ٹورنامنٹ پاکستان سپر لیگ کی سکیورٹی سے متعلق اخراجات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ پی ایس ایل کے باعث سموگ کے تدراک کیلئے اقدامات بے اثر ہوگئے۔جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ پی ایس ایل کے باعث لاہور میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوجاتا ہے، سٹرکوں پر ٹریفک جام ہوجاتی ہے۔قبل ازیں سموگ کے تدارک کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے وکیل کیفے نے کہا کہ جوہر ٹاﺅن والے کیفے پارٹ ٹائم کام کرتے ہیں، ڈیڈ لائن کیلئے ایک گھنٹے کا وقت بڑھا دیا جائے جس پر جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ ایسا نہیں ہو سکتا۔ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پی ایس ایل دوبارہ شروع ہو رہا ہے، دوبارہ سے پچھلے سالوں کی طرح سب کچھ خراب ہو رہا ہے، جس پر عدالت نے کہا کہ آپ اس پر درخواست دائر کریں، میں سٹے دیدوں گا۔جس پر ایڈوکیٹ اظہر صدیق نے کہا کہ میں پیر کو اس حوالے سے درخواست دائر کر دوں گا، اس کے علاوہ پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی کے وکیل نے کہا کہ ہم نے معاہدہ کیا تھا کہ ایک درخت کاٹنے کے بدلے میں 3نئے درخت لگانے ہوں گے، اب تک 300درخت اس معاہدے کے تحت لگ چکے ہیں۔جسٹس شاہد کریم نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں رانگ پارکنگ کے حوالے سے بھاری جرمانے کیے جائیں، سوشل میڈیا پر گھروں میں پودے لگانے کے حوالے سے آگاہی دی جائے۔درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ہیٹ ویو اور اسموگ کی روک تھام کے لیے میڈیا پر اشتہار چلانے چاہیے۔بعدازاں عدالت نے سماعت آئندہ جمعہ تک سماعت ملتوی کردی۔