لاہور:(رپورٹنگ ٹیم)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد نے جاتی امرا رائے ونڈ میں ،نواز شریف ،شہباز شریف سے ملاقات کی ،مرکز میں حکومت سازی کیلئے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا ،ایم کیو ایم نے اپنی شرائط سمیت پیپلز پارٹی پر کچھ تحفظات بھی پیش کئے ، دونوں جماعتوں نے ملک و قوم کو مشکلات سے نکالنے کیلئے ملکر چلنے پر اتفاق کیا۔
مرکزی ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے اعلامیے میں کہا دونوں جماعتوںمیں سیاسی تعاون پر اصولی اتفاق ہوگیا ، ملک و قوم کے مفاد کےلئے ملکر چلنے کافیصلہ کیا گیا، قائدین میں مشاورت کا سلسلہ تقریباً ایک گھنٹہ تک جاری رہا ،موجودہ صورتحال پر تفصیلی مشاورت و تجاویز پرتبادلہ خیال ہوا ۔
نواز شریف نے پارٹی صدر شہباز شریف کو پیپلزپارٹی ،ایم کیو ایم کے درمیان مصالحت کا کردار ادا کرنے کی ذمہ داری سونپ دی،ادھر ن لیگ ،ایم کیو ایم وفود کے درمیان ہونےوالی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ۔
ملاقات کے دوران ایم کیوایم نے مطالبات کی فہرست نوازشریف کے سامنے رکھی اور ن لیگ کی حکومت بننے کی صورت میں سندھ کی گورنر شپ مانگ لی ،دونوں جماعتوں کے درمیان آئندہ ملکر چلنے پر اتفاق ہوا ۔
ذرائع کے مطابق کراچی میں وفاق کے ترقیاتی منصوبوں میں ایم کیو ایم کو آن بورڈ رکھا جائے گا ،دونوں جماعتیںحکومت سازی کے مشاورتی عمل میں شریک رہیں گی، ن لیگ نے ایم کیو ایم ،پیپلزپارٹی کے درمیان مصالحانہ کردار ادا کرنے کی حامی بھی بھرلی ،نواز شریف نے ہدایت کی شہبازشریف صاحب آپ نے پیپلزپارٹی ،ایم کیو ایم کے درمیان مصالحانہ کردارادا کرنا ہے۔
دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنونیئرخالد مقبول صدیقی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہان لیگ سے حکومت سازی ، سندھ کی گورنر شپ یا کسی اورمعاہدے پر کوئی بات نہیں ہوئی،لیگی قیادت سے پاکستان کو درپیش خطرات سے باہر نکالنے پر تبادلہ خیا ل کیا،انتخابات نے کافی چیلنجنگ صورتحال پیدا کر دی ،موجودہ حالات میں تمام سیاسی قوتوں ،اداروں کو بھی اپنے مفادات ایک طرف رکھ کر پاکستان کو بحران سے نکالنے کی طرف پیشرفت کرنی چاہیے ۔
خالد مقبول صدیقی نے کہااگر کوئی سیاسی نقصان ہوتا ہے تب بھی ریاست ،جمہوریت کو بچانے کی ضرورت ہے ، معاملہ اقتدار سے زیادہ عوام کے اختیار وجمہوریت کے استحکام کا ہے ،حکومت سازی سے پہلے ملکر پاکستان کو بچانے کالائحہ عمل تیار کیاجائے، سیاسی قوتوں میں نفاق پاکستان کو بڑے بحران میں دھکیل دےگا ۔
ایم کیو ایم نےوفاق میں حکومت بننے پر سندھ کی گورنر شپ مانگ لی



















