عوام کے عظیم مینڈیٹ کوکھلے دل سے تسلیم کیاجائے،عارف علوی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) صدر عارف علوی نے کہا ہے شہریوں کے عظیم مینڈیٹ کوکھلے دل سے تسلیم کیاجائے، ووٹ کےلئے باہر نکلنے پر خواتین ،نوجوان مبارکباد کے مستحق ہیں۔

ٹوئٹر پرصدر مملکت عارف علوی نے کہا عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، خاص طور پر خواتین کو جو شدید مشکلات کے باوجود بڑی تعداد میں باہر نکلیں اور جمہوریت کی مضبوطی کےلئے ووٹ دیا، نوجوان بھی بالخصوص داد کے مستحق ہیں انہوں نے ووٹنگ کے عمل میں پرامن طریقے سے حصہ لےکر ملک کی باگ ڈور سنبھالنے کا فیصلہ کیا ،جمہوریت پر یقین، ولولہ اور تعمیر ملت کا عزم تاریخ رقم کرے گا۔

عارف علوی نے کہاشدید مالی بحران سے نکلنے، مشکل فیصلے کرنے اور ماضی کی تلخیوں کو دور کرنے کےلئے حقیقی مینڈیٹ ضروری تھا جو نظر آرہا ہے، پرجوش جذبے کا جشن منانا چاہیے اور دنیا کو پاکستان کا خوبصورت چہرہ دکھانا چاہیے، شاندار مستقبل میں میرا اعتماد مضبوط ہوا کیونکہ لوگوں نے کھل کر بڑی تعداد میں اپنی مرضی کا اظہارکیا ۔

صدر مملکت نے کہاشہریوں کے عظیم مینڈیٹ کا احترام و کھل کر تسلیم کرنا چاہیے، سیاستدانوں، جماعتوں اور اداروں کو موقع قبول کر کے فائدہ اٹھانا چاہیے، بے شک اللہ پاکستان پر بہت مہربان ہے،آو میرے لوگو! اٹھو اور متحد ہو جاو، سب کچھ جوڑ کر تعمیر نو کا کام شروع کرو دنیا آپ کی منتظر ہے۔