ساہیوال کےلئے سیف سٹی پراجیکٹ منظور،ٹیچنگ ہسپتال میں سرجیکل ٹاور،بائی اوورہیڈ برج کا افتتاح

ساہیوال:(چودھری اشرف سے)وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ساہیوال کےلئے سیف سٹی پراجیکٹ کی منظوری دےدی ،امن و امان برقرار رکھنے کےلئے شہر میں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے۔

ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں سرجیکل ٹاور کا افتتاح کرنے کے بعدپریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہاصوبائی حکومت نے عوام کے مسائل حل کرنے پر پوری توجہ مرکوز رکھی اور صوبے بھر میں اربوں کی لاگت کے بڑے منصوبے مکمل کئے،صوبائی حکومت نے ساہیوال ڈویژن میں 15ارب روپے کی خطیر رقم سے مختلف ترقیاتی کام مکمل کئے جن میں اوکاڑہ اولڈ جی ٹی روڈ، ساہیوال سمندری روڈ، ساہیوال پاکپتن روڈ، ساہیوال بائی پاس اوورہیڈ برج، دیپالپور حویلی لکھا روڈ شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہاایم آرآئی کی جدید ترین مشین 72کروڑ روپے کی خطیر رقم سے جاپان سے درآمد کی گئی ،مشین کی تنصیب سے صحت کی جدید سہولیات مقامی سطح پر دستیاب ہوں گی،2014سے زیر تعمیر سرجیکل ٹاور مکمل ہونے سے اگلے15سال کی علاج معالجے کی ضرویات پوری ہوں گی جبکہ ساہیوال میں امراض قلب میں مبتلا افراد کو علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی کےلئے انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر کام تیزی سے جاری ہے جسے اگلے3ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔

محسن نقوی نے جدید آپریشن تھیٹرز کا بھی معائنہ کیا، مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی،علاج معالجے کی سہولیات ،مفت ادویات کی فراہمی کا پوچھا، وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے دورہ ساہیوال کے موقع پر صحافی برادری نے لاہور سے باہر پریس کلبوں کو گرانٹس دینے کو خوب سراہا،وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید، آر پی او محبوب رشید، ڈپٹی کمشنر اکرام الحق، ڈی پی او فیصل شہزاد و دیگر انتظامی افسروں کی خدمات کو سراہا، بعدازاں ساہیوال بائی اوورہیڈ برج کا بھی افتتاح کیا، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سہیل اشرف نے وزیر اعلیٰ کو منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا منصوبہ 4ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا،منصوبے کی تکمیل سے ٹریفک کے مسائل حل کرنے میں بڑی آسانی ہوگی۔