چناب نگر:( انس نعمان عثمانی)انتظامیہ نے منافع خوروں کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے،چناب نگر وگردونواح میں مہنگائی کا ”جن“بے قابو،سبزی فروٹ منڈی میں سبزیاں پھل من مانی قیمتوں پر فروخت ہونے لگے،منافع خوروں نے عام مارکیٹ میں سبزیاں،پھل، چکن، چھوٹا،بڑا گوشت،دودھ دہی سمیت اشیائے خوردونوش سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر فروخت کر کے شہریوں کو لوٹنے شرو ع کررکھا ہے،چکن 700روپے، چھوٹا گوشت 2200روپے، بڑا گوشت1000روپے فی کلو تک فروخت کیا جانے لگا، پیاز بھی 300روپے کلو سے اوپر چھلانگ، بدترین مہنگائی کے ہاتھوں عوام بلبلا اٹھے۔
مشرق سروے کے مطابق مصنوعی مہنگائی کی بدترین لہر نے چناب نگر وگردونواح کواپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اوربجائے منافع خوروں پر کنٹرول کرنے کے مقامی انتظامیہ منافع خوروں کے آگے بے بس نظر آرہی ہے اورجہاں پر سبزی وفروٹ منڈی میں سبزی،پھلوں کی فروخت پر انتظامی گرفت کمزور اوررٹ نام کی کوئی چیز نہیں نظر آرہی وہاں پر مصنوعی منافع خوروں نے سرکاری پرائس لسٹ کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہوئے چکن گوشت سرکاری مقررہ کردہ ریٹ 644 روپے کی بجائے 700روپے کلو گرام، چھوٹا گوشت 1600روپے کی بجائے 2200روپے، بڑا گوشت 800روپے کی بجائے 1000روپے،دودھ 155کی بجائے 200روپے، دہی 160کی بجائے 220 روپے تک، انڈہ فارمی 410 روپے کی بجائے 500روپے درجن،پیاز 300روپے تک،ادرک 650روپے تک، سبز مرچ160روپے کی بجائے 250روپے تک، مونگرے 250کی بجائے 400 روپے تک، شملہ مرچ275 کی بجائے 350 روپے تک،پھلوں میں سیب کالا کلو پہاڑی پرائس لسٹ کی بجائے 300روپے کی بجائے 400 روپے،سیب گولڈن 230 روپے کی 350 روپے، انارقندھاری اول 300 روپے کی بجائے 500روپے، کیلا اول 135 کی بجائے 250 روپے فی درجن،اناربدانہ 550 کی بجائے 700روپے کلو،کھجورایرانی 450 کی بجائے 600روپے فی کلو، کینواول 160روپے کی بجائے 300 روپے فی درجن،مسمی 105 کی بجائے 250روپے فی درجن جبکہ اشیائے خوردونوش من مانی قیمتوں پر فروخت کر کے شہریوں کی کھال اتاری جارہی ہے جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اورانتظامی افسران منافع خوروں پر کنٹرول کرنے کی بجائے منافع خور مافیا کے آگے بے بس دکھائی دے رہے ہیں۔
چناب نگر میں مہنگائی کا طوفان،عوام پریشان



















