اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ،اپنے نمائندے سے،کرائم رپورٹر)نگران وفاقی کابینہ نے عام انتخابات میں فوج ،آرمڈ فورسز تعینات کرنے کی منظوری دےدی۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملک کی موجودہ، معاشی و انتخابی صورتحال پر غور کیا گیا،کابینہ نے وزارت داخلہ کی سمری منظور کرکے8 فروری کو شیڈول عام انتخابات میں فوج ،سول آرمڈ فورسز تعینات کر نے کی منظوری دیدی ، آرمڈ فورسز حساس انتخابی حلقوں میںکوئیک رسپانس فورس کے طور پرفرائض سرانجام دیں گی۔
علاوہ ازیں کابینہ نے ایف بی آر کی تنظیم نو کی سمری کا جائزہ لیااور معاملے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی تاہم کابینہ ایف بی آر کی ری سٹرکچرنگ کا فیصلہ نہ کر سکی،وزیراعظم نے ایف بی آر میں اصلاحات کیلئے وزیر خزانہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دےدی،کمیٹی میںنجکاری ، خارجہ ، آئی ٹی ،قانون وانصاف اور کامرس کے وزرا شامل ہوں گے۔
ادھر امن و امان برقرار رکھنے کےلئے پنجاب بھر میں دفعہ 144نافذ کردی گئی، محکمہ داخلہ پنجاب نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا، نوٹیفکیشن کے مطابق جلسے جلوسوں ،انتخابی مہم کے دوران دہشتگردی سمیت سیاسی گروپوں میں جھگڑوں کے امکانات ہیں ،سکیورٹی خدشات کے پیش نظر 12فروری تک دفعہ 144نافذ کردی ، صوبے بھر میں اسلحہ کی نمائش ،ہوائی فائرنگ پر پابندی ہو گی، الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مقدمات کا اندراج اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائےگی۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ملک بھر کے بلدیاتی و کنٹونمنٹ بورڈز کے ترقیاتی فنڈز منجمد کردئیے،نوٹیفکیشن میں کہا گیاسندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان ،کینٹ بورڈز کے بلدیاتی اداروں کے ترقیاتی فنڈز انتخابات کی تکمیل تک منجمد رہیں گے،بلدیاتی ادارے صرف روز مرہ کے امور نمٹائیں گے، نئی سکیم کا اجرا یا ٹینڈر نہیں کرسکیں گے، بلدیاتی اداروں کے ترقیاتی فنڈز کے اجرا پر پابندی شفاف انتخابات کیلئے لگائی گئی۔
دریں اثناالیکشن کمیشن نے عام انتخابات سے قبل ای ایم ایس کے ذریعے نتائج حاصل کرنے کےلئے ایک اور تجرباتی مشق کرنے کا فیصلہ کرلیا ،26جنوری کو ہونےوالی تجرباتی مشق کےلئے الیکشن کمیشن نے چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز ،تمام ریٹرننگ افسروں کو مراسلہ ارسال کر دیا۔
مراسلے میں ہدایت دی گئی قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ریٹرننگ افسر رزلٹ کی تیاری کےلئے ای ایم ایس پر تجرباتی مشق کریں، مشق ریٹرننگ افسروں کے دفاتر میں کی جائےگی،الیکشن کمیشن نے ای ایم ایس کی مشق کیلئے سٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز)بھی جاری کر دئیے ۔
ایس او پیز کے مطابق ریٹرننگ افسر25جنوری تک فارم 28اور 33میں اندراج مکمل کریں گے ،پریذائیڈنگ افسر 25جنوری تک پولنگ سٹیشن کا میپ بھجوائیں گے،تمام پریذائیڈنگ افسروں کو آر اوز 25جنوری تک ڈمی اندراج شدہ فارم 45مہیا کریں گے، پریذائیڈانگ افسر قومی و صوبائی اسمبلی کے فارم 45پر نتائج 26جنوری کو شام 5بجے بھیجیں گے، پریذائیڈنگ افسر فارم45کی موبائل فوٹو لے سکتے ہیں،26جنوری شام 5بجے سے ای ایم ایس آپریٹر ڈیٹا کا اندراج شروع کر دےگا، فارم45کے اندراج کے بعد ریٹرننگ افسر فارم47تیار کر کے الیکشن کمیشن کو بھیجے گا۔
مزید برآں الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان کی سخت ہدایات پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسروں،ٹیموں نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر قانون کے مطابق فوری کارروائیاں کیں،این اے 143ساہیوال سے امیدوار ماجد حسین کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر50ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا گیا،علاوہ ازیںعام انتخابات کیلئے قومی اسمبلی میں 10اقلیتی نشستوں کی حتمی فہرست جاری کر دی گئی،حتمی فہرست میں 10 ن لیگ، جے یو آئی ف 5 ،ٹی ایل پی 2،پیپلزپارٹی 7، جماعت اسلامی 4 اور ایم کیو ایم کے 3 امیدوار شامل ہیں،پی ٹی آئی کے کسی امیدوار کا نام فہرست میں شامل نہیں ۔
عام انتخابات:فوج تعینات کرنے کی منظوری،پنجاب میں دفعہ144نافذ،بلدیاتی، کنٹونمنٹ بورڈز کے ترقیاتی فنڈز منجمد



















