اسلام آباد: (بیورورپورٹ)الیکشن کمیشن نے پولنگ سٹاف کی تربیت کے دوران غیر حاضری کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے سخت انضباطی کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی جانب سے تمام چیف سیکریٹریز اور صوبائی الیکشن کمشنرز کو اس حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں،ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے پولنگ سٹاف کی تربیت کے دوران حاضری کو یقینی بنایا جائے۔
ہدایات میں کہا گیا تربیت کے دوران غیر حاضر رہنے والے ملازمین کی فوری معطلی اور ان کےخلاف ضابطے کے مطابق سخت ترین کارروائی یقینی بنائی جائے، کوئی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔
علاوہ ازیں عام انتخابات کی تیاریوں کی نگرانی کےلئے وزیر اعظم کی قائم کردہ کمیٹی کے کنونیئر ، نگران وفاقی وزیر برائے مواصلات، میری ٹائم افیئرز اور ریلوے شاہد اشرف تارڑ نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں ملاقات کی،ملاقات کے دوران نگران وفاقی وزیر نے چیف الیکشن کمشنر کو انتخابات کی تیاریوں سے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی تیاریوں سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا ۔
ادھر حکومت نے ملک بھر میں 8 فروری 2024 کو ہونےوالے عام انتخابات کی کوریج کےلئے غیر ملکی میڈیا کو اجازت نامے جاری کر دیے،وفاقی حکومت کی جانب سے پہلے مرحلے میں 35 غیر ملکی صحافیوں کو الیکشن کی کیوریج کےلئے اجازت نامے جاری کیے گئے ہیں،ذرائع کے مطابق جن ممالک سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کو اجازت نامے جاری کیے گئے ہیں ان میں چین، جاپان، امریکہ ، برطانیہ، کینڈا، ہانگ کانگ اور سنگاپور شامل ہیں، غیر ملکی مبصرین کی جانب سے درخواستیں جمع کرانے کا آخری روز 20 جنوری تھا، الیکشن کمیشن نے 2 لاکھ ایکریڈیشن کارڈز چھاپے ہیں ،یورپی یونین،کامن ویلتھ ممالک کے وفود بھی الیکشن کا مشاہدہ کرنے کےلئے آئیں گے۔
غیر حاضر عملے کیخلاف سخت کارروائی کاحکم،غفلت برداشت نہیں،الیکشن کمشنر



















