لاہور (مرزا ندیم بیگ) آئی جی پنجاب جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر کا پنجاب بھر کی تمام جیلوں میں قیدیوں اور حوالاتیوں کیلئے ایک اور احسن اقدام۔ موجودہ مہنگائی کے دور میں خالص اور سستا آٹا حاصل کرنے کا بندوبست کر لیا۔اس حوالے سے آئی جی جیل نے ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قیدیوں کو معیاری کھانا فراہم کرنے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی۔ مزید بہتری کے لئے گندم کا آٹا جو کہ دوسرے بازاری آٹا سے بہت مفید ہے لیکن پہلے جو آٹا منگوایا جاتا تھا ایک تو وہ مہنگاپڑتا تھا دوسرا اس میں سے اہم چیزیں نکال لی جاتی تھیں۔اس کے باعث وہ غذائیت اور فائدہ نہیں رہتا تھا کیونکہ مارکیٹ سے جو آٹا لیا جاتا تھا اس میں سے سوجی،چوکر اور میدہ نکال لیا جاتا تھا ۔اس کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا کہ جہاں قیدیوں و حوالاتیوں کے معیاری کھانے پر کوئی کسر نہیں چھوڑی جار ہی وہاں ابتدائی طور پر ابھی صرف دو جیلوں میں میانوالی اور ساہیوال میں چکیاں لگا دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ گندم کی صفائی کیلئے بھی مشینیں لگا دی گئی ہیں یہ تجربہ کامیاب ہونے کے بعد تمام جیلوں میں چکیاں لگوائی جائیں گی۔آئی جی جیل میاں فاروق نذیر کا مزید کہنا تھا کہ اس کا ایک فائدہ یہ بھی ہو گا کہ آٹا مکمل غذائیت سے بھر پور تمام جیلوں میں دستیاب ہو گا ۔اس کے علاوہ ایک اور انتظام کیا گیا ہے کہ احتیاطی طور پر دس روز تک کا سٹاک موجود ہو گا ۔اس طرح اگر چکی یا دوسری مشین میں کوئی خرابی بھی پیدا ہو گئی تو مسئلہ کوئی نہیں ہو گا ۔آئی جی جیل خانہ جات کا کہنا تھا کہ امید ہے بہت جلد تمام جیلوں میں یہ سلسلہ شروع ہو جائےگا، اس طرح معیاری آٹا مناسب قیمت پر مل سکے گا ۔
قیدیوں کو معیاری کھانا فراہم کرنے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائیگی :میاں فاروق نذیر



















