اسلام آباد (بیورو رپورٹ) چیئرمین پاکستان علماءکونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ طاہر محمود اشرفی نے ملک میں جاری خشک سالی کے خاتمے کےلئے بارش کےلئے خصوصی دعا کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کی اپیل پر پورے ملک میں 26 جنوری جمعہ کے دن نماز استسقاءادا کی جائیگی،حالیہ پاکستان ایران کشیدگی کے خاتمے کیلئے پاکستان نے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا جسے پوری دنیا نے تسلیم کیا،حکومت پاکستان ، عسکری قیادت اور سلامتی کے اداروں کی بروقت کارروائی اور مدبرانہ فیصلے لائق تحسین ہے،غزہ کے معاملے پر حکومت اور قوم ساتھ کھڑی ہے، فلسطین کاز کی بھرپور حمایت کر رہے ہیں۔ پیر کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رجب حرمت اور عظمت والا مہینہ ہے اس ماہ مقدس میں ملک میں جاری خشک سالی کے خاتمے کیلئے بارش کیلئے خصوصی دعا کی اپیل کرتا ہوں،اس سلسلے میں وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑکی اپیل پر پورے ملک میں 26 جنوری جمعہ کے دن نماز استسقاءادا کی جائیگی۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ پچھلے ہفتے میں پاکستان اور برادر ملک ایران کا ذکر رہا ہے،ایران کی طرف سے پاکستان کی حدود کی خلاف ورزی کی گئی، حالیہ پاکستان ایران کشیدگی کے خاتمے کیلئے پاکستان نے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا جسے پوری دنیا نے تسلیم کیا،حکومت پاکستان ، عسکری قیادت اور سلامتی کے اداروں کی بروقت کارروائی اور مدبرانہ فیصلے لائق تحسین ہے۔ حکومت کی طرف سے جو اقدامات کئے گئے اسے پوری دنیا نے سراہا۔
نماز استسقاء26 جنوری کو ادا کی جائیگی، قوم بارش کےلئے خصوصی دعا کرے :طاہر اشرفی



















