غزہ،مزید سینکڑوں فلسطینی شہید،ہسپتال کھنڈر، اسرائیلی فوج کےخلاف مقدمہ

غزہ،تل ابیب:(مشرق نیوز)اسرائیلی دہشتگردی،مزید سینکڑوں فلسطینی شہید،ہسپتال کھنڈر، 7اکتوبر کے حماس حملے میں بچ جانےوالے افراد نے اسرائیلی فوج کےخلاف مقدمہ کر دیا۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملوں میں غزہ کی 70فیصد رہائشی عمارتیں تباہ ہوگئیں،صیہونی فورسز نے فلسطینیوں کو جنوبی غزہ خالی کرنے کا حکم دیتے ہوئے رفاہ منتقل ہونے کی ہدایت کر دی، رفاہ بارڈر دنیا میں بے گھر افراد کی پر ہجوم جگہ بن گیا۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں صرف 9ہسپتال آپریشنل ہیں، باقی 17ہسپتالوں میں سہولیات ناکافی یا حملوں سے کھنڈر بن گئے، فوری ابتدائی طبی امداد نہ ہونے سے زیادہ زخمی شہید ہو رہے ہیں۔

ادھر اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہامزاحمت کاروں نے 4دنوں میں 71فوجی گاڑیاں تباہ،16قابض فوجیوں کو ہلاک اور درجنوں کو زخمی کردیا۔

دوسری جانب اسرائیل پر 7اکتوبر کے حماس حملے میں بچ جانےوالے افراد نے صہیونی فوج کےخلاف مقدمہ کر دیا،42افراد کے گروپ نے اسرائیلی فوج، وزارت دفاع، پولیس فورس اور شن بیت انٹیلی جنس سروس پر مقدمہ دائر کیا،دائر کیے گئے مقدمے میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے نامزد اداروں سے 200ملین شیکل (56ملین ڈالر)ہرجانہ لےکر دیا جائے۔