کاغذات مسترد،سیاسی اکھاڑہ نہ بنائیں، ملک کوایسے ہی برباد کیا گیا،ٹربیونل

اسلام آباد،راولپنڈی،لاہور(بیورورپورٹ،اپنے نمائندے سے،کورٹ رپورٹر)امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کےخلاف اپیلیں دائر کرنے کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا۔

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید ،بھتیجے راشد شفیق، سابق وزیر قانون راجہ بشارت ،شعیب شاہین،این 47 سے جماعت اسلامی کے امیدوار کاشف چودھری ودیگر نے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ چیلنج کر دیا،لاہور کے ایپلٹ ٹریبونل میں 20 سے زائد اپیلیں دائر کردی گئیں۔

الیکشن ٹربیونلز میں امیدواروں کی اپیلوں پر سماعتیں ہوئیں،راولپنڈی میں الیکشن ٹربیونل نے این اے 89 میانوالی سے عمیر نیازی کی اپیل پر ریٹرننگ افسر کو مکمل ریکارڈ کیساتھ طلب کرلیا۔

جسٹس چودھری عبدالعزیز نے استفسار کیا چھوٹی چھوٹی سی باتوں پر کاغذات کیوں مسترد کئے؟، ڈی پی او اٹک ریٹرننگ افسر کی عدالت پیشی یقینی بنائیں، سیاسی اکھاڑہ نہ بنائیں ،ملک کو ایسے ہی برباد کیا گیا۔

پی ٹی آئی وکیل شعیب شاہین کی اپیل پر جسٹس ارباب طاہر نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا،این اے 55 سے پیپلز پارٹی امیدوار بابرجدون کی اپیل پر الیکشن کمیشن، آر او اور محکمہ ایکسائز کو نوٹس جاری کردیاگیا،ادھر لاہور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی کے 2حلقوں کےلئے شیخ رشید کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف اپیل سماعت کیلئے منظور کرلی،ایپلٹ ٹریبونل کے جج جسٹس مرزا وقاص رو¿ف نے این اے 56 اور57 کے آر اوز کو نوٹسز جاری کردئیے۔