محکمے کی خاطر کیسوں کا سامنا کرنیوالے افسران، اہلکاروں کو تنہا نہیں چھوڑینگے :آئی جی پنجاب

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس فورس کی فلاح کیلئے ایک اور احسن اقدام اٹھایا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے فرائض کی ادائیگی کے دوران قانونی مقدمات کا سامنا کرنے والے افسران و اہلکاروں کو انڈوومنٹ فنڈ سے امداد کی فراہمی شروع کردی ہے۔ آئی جی پنجاب نے سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں 6 اضلاع کے 20 اہلکاروں کو لیگل فنڈ سے 68 لاکھ روپے دئیے۔آئی جی پنجاب نے ایسے استغاثوں کا سامنا کرنے والے افسران و اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کی خاطر عدالتوں میں استغاثوں کا سامنا کرنے والے کسی افسر یا اہلکار کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ایسے قانونی مسائل کا شکار پولیس ملازمین کی مدد کیلئے انڈوومنٹ فنڈ میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے محکمہ کی خاطر کیسز بھگتنے والے ملازمین کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہاکہ عدالتی کیسز کا سامنا کرنے والے کسی ملازم کو اب اپنا گھر، زمین، یا بیوی کا زیور نہیں بیچنا پڑے گا اور محکمہ ایسے ملازمین کے ساتھ ہر ممکن تعاون یقینی بنائیگا۔ دریں اثناءانسانی حقوق کی رہنما حناجیلانی نے سنٹرل پولیس آفس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی جس میں خواتین سمیت معاشرے کے کمزور طبقات کے حقوق کے تحفظ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ حنا جیلانی نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو اپنے ادارے کے مختلف پراجیکٹس اور جاری اقدامات بارے آگاہ کیا۔اس موقع پر آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں کی فلاحی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، پنجاب پولیس معاشرے کے کمزور طبقات کو قانونی و سماجی تحفظ فراہم کرنے کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس تحفظ مرکز کے پلیٹ فارم سے ٹرانس جینڈرز، خواتین، بچوں کو ہر ممکن تعاون یقینی بنا رہی ہے۔ حناجیلانی اور وفد میں شامل خواتین کو سنٹرل پولیس آفس کے مختلف شعبوں کا دورہ کروایا گیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے حنا جیلانی کو پنجاب پولیس کی شہدا و غازی وال کے بارے میں آگاہ کیا ۔وفد کو پنجاب پولیس کے شہداءاور پبلک سروس ڈلیوری کے جدید پراجیکٹس کے بارے میں آگاہی دی گئی۔ ملاقات کے اختتام پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے حنا جیلانی کو پنجاب پولیس کا اعزازی سوونیئر پیش کیا ۔