ٹریفک قوانین پر سختی اور شعوراجاگر کرنے سے حادثات میں واضح کمی آئی:عمارہ اطہر

لاہور (مرزا ندیم بیگ) صوبائی دارلحکومت میں سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے تعیناتی کے بعد ہیلمٹ استعمال نہ کرنیوالوں کیخلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کر لیا۔ اسکے علاوہ رواں سال میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی دو لاکھ سے زائد کار، جیپ کے چالان اور چنگ چی رکشہ سمیت دیگر گاڑیوں کے لاکھوں چالان کئے گئے۔چیف ٹریفک پولیس آفسیر نے بات کرتے ہوئے کہا کہ سال 2023ءمیں موٹرسائیکل سوار ٹریفک قوانین توڑنے میں سب سے آگے ،موٹرسائیکل سوار جلدبازی، ون وے، لین لائن اور سگنل خلاف ورزیوں میں سرفہرست ہیں،رواں سال موٹرسائیکل سوار حادثات میں بھی پہلے نمبر پر رہے، چنگ چی رکشہ ڈرائیورز نے بھی ٹریفک قوانین کا احترام نہیں کیاجن کی تعداد چھ لاکھ سے زائد ہے۔ اسکے علاوہ 2لاکھ 24 ہزار کار،جیپ ڈرائیورز کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر چالان ٹکٹ دئیے گئے،82 ہزار 871 پبلک سروس و کمرشل گاڑیوں،27 ہزار سے زائد چالان ٹکٹس کمرشل پرائیویٹ وہیکلز کے احتیاطی تدابیر اپنائے بغیر سفر کرنے پر 47 ہزار ٹریکٹر ٹرالی کو چالان کئے گئے۔ سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ ایک لاکھ 45 ہزار سے زائد ٹرک، پک اپ اور لوڈر گاڑیوں کو خلاف ورزی پرجرمانہ کیا گیا،ٹریفک قوانین پر سختی اور شعوراجاگر کرنے سے حادثات میں واضح کمی آئی،چالان کا مقصد شہریوں کوٹریفک قوانین کا تابع بنانا ہے، ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنے والوں کے خلاف ایک بار پھر کریک ڈاﺅن کیا جائےگا، رواں سال 22 لاکھ 70 ہزار موٹرسائیکل سواروں نے ہیلمٹ قوانین کی خلاف ورزی کی۔ سال 2022 میں 484 جبکہ رواں سال 387 جانیں حاڈثات کی نذر ہوئی، ہم 97 قیمتی جانیں بچانے میں کامیاب رہے، آئندہ سال مہلک حادثات میں مزید کمی لائیں گے، ہیلمٹ انفورسمنٹ مہم سے ہسپتالوں میں غیر معمولی لوڈ میں کمی دیکھنے میں آئی، سی ٹی او لاہور کا مزید کہنا تھا کہ 90 فیصد شہریوں کا ہیلمٹ پہننا خوش آئندہ، مزید سختی کرنے کی ضرورت ہے، شہریوں کےساتھ ساتھ بغیر ہیلمٹ اور بغیر لائسنس پولیس اہلکاروں کےخلاف بھی کارروائیاں کیں گئیں،سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے آگاہی کیلئے شہریوں میں ہیلمٹس بھی تقسیم کئے۔