چیف سیکرٹری کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز دفاتر کو پیپر لیس کرنے کے احکامات
لاہور (اپنے رپورٹر سے) محکموں میں ای فائلنگ اینڈ آفس آٹو میشن سسٹم پر کامیابی سے عملدرآمد کے بعدچیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے صوبہ بھر میںڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے دفاترکو پیپر لیس کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔انہوں نے یہ ہدایات سول سیکرٹریٹ میں منگل کے روزمنعقد اجلاس کے دوران جاری کی۔سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور تمام محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ چیف سیکرٹری نے پی آئی ٹی بی کو ہدایت کی کہ آرکائیو فائلز کی سکیننگ کا کام جلد مکمل کر لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سول سیکرٹریٹ کے تمام محکموں کو محکمانہ خط و کتابت ای فائلنگ اینڈ آفس آٹو میشن سسٹم کے ذریعے کرنے کا پابند کیا گیا ہے اورای فاس کے ذریعے منسلک کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روائتی فائل سسٹم ختم ہونے سے سالانہ اربوں روپے کی بچت ہوگی۔چیف سیکرٹری نے محکمانہ انکوائریز اور پنشن کیسوں کو جلد از جلد نمٹانے سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ زیرا لتواءانکوائریز کے باعث محکمانہ ترقی نہ ہونے سے ملازمین کی حق تلفی ہوتی ہے۔ای فاس پر کامیابی سے عملدرآمد پر چیف سیکرٹری نے چیئرمین پی آئی ٹی بی اور انکی ٹیم میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔



















