گوجرانوالہ (چودھری توصیف احمد)واسا حکام نے ریکوری کی آڑ میں پانی اور سیوریج کے بلوں کو ختم کرنے اور ٹیرف تبدیل کرنے کے عوض بھاری رشوت وصول کرنا شروع کر دی ، معلوم ہوا ہے محکمہ واسا کے ایم ڈی کاشان بٹ کی زیر نگرانی واسا کے افسران نے سروے ٹیموں کے ذریعے پانی اور سیوریج لائنوں کے استعمال کرنے والے صارفین کا سروے کرایا۔
سروے ٹیموں نے بوگس سروے کے ذریعے ہزاروں گھریلوں صارفین کے ساتھ ساتھ ،کمرشل مارکیٹوں ، فیکٹریوں ،ہسپتالوں ،کریانہ دوکانداروں ، چائے کے ڈھابوں اور دیگر شعبہ جات چلانے والے شہریوں کو شیڈول ریٹ سے ہٹ کر 2 سال سے لیکر 5 سال تک 50 ہزار سے 5 لاکھ روپے تک کے بقایا جات ڈال کر بوگس بل بھجوا دیے واسا حکام کے بھاری بھرکم بل دیکھ کر شہری چکرا کر رہ گئے بھاری بھرکم بل وصول ہونے پر شہریوں نے جب واسا افسران سے رجوع کیا تو ایم ڈی واسا کے تینوں زونوں کے ایکسیئنز،ڈائریکٹر ریونیو رانا مقصود ،سروے انسپکٹرز اور درجہ چہارم کے ملازم رانا عمیر وغیرہ نے بھاری بلوں میں پانی اور سیوریج لائنوں کے بلوں کو ختم کرنے اور ٹیرف تبدیل کرنے کی مد میں بھاری رشوت وصول کرتے ہیں اور بل کی رقم کم یا ختم کرنے اور ٹیرف تبدیل کرنے کے بعد نیا بل جاری کر دیتے ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا واسا افسران کی باہمی رضا مندی کے ساتھ ریکوری کی آڑ میں روزانہ لاکھوں روپے رشوت کی مد میں اکٹھے کئے جارہے ہیں جس سے سرکاری خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا جا رہا ہے سیاسی ،سماجی اور ذیلی تنظیموں نے رابط کرنے پر بتایا ہے کہ واسا حکام کی جانب سے چند محلوں میں تقریباً 15 سال قبل صاف پانی والی ناقص لائنیں بچھائی گئی تھیں جو عرصہ دراز سے بند پڑی ہیں سرکاری پانی کی لائنیں بند ہونے کی وجہ سے سرکاری پانی بھی مہیاءنہیں کیا جا رہا اور بلوں میں پانی کے ہزاروں روپے ڈال کر جگا ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے۔
شہریوں نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی ، چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری بلدیات سے اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے اور دوسری جانب واسا حکام نے غیر قانونی عمل کرتے ہوئے بھاری رقوم کے بوگس بل بھجوانا شروع کر دیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ واسا کے غیر قانونی عمل کو روک کر کرپٹ افسران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے تا کہ واسا حکام کے اوچھے ہتھکنڈوں سے غریب عوام بچ سکیں۔ یاد رہے کہ ایم ڈی واسا کاشان بٹ سمیت تمام افسران کے خلاف اینٹی کرپشن میں بے شمار انکوائریاں زیر سماعت تھیں جنہیں مذکورہ افسران اثرورسوخ سے ختم کروا چکے ہیں۔
گوجرانوالہ:واسا حکام کی لوٹ مارعروج پر،بوگس بلوں کی بھرمار



















