ایک دوسرے کو غدار کہیں گے تو ملک کیسے چلے گا؟ ،بلاول

حیدرآباد(بیورورپورٹ)سابق وزیر خارجہ وچیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کچھ لوگ چاہتے ہیں سیاسی تقسیم و نفرت برقرار رہے، ایک دوسرے کو غدار کہیں گے تو ملک کیسے چلے گا؟ ۔

حیدرآباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہاملک میں نفرت کا بخار توڑنا ہوگا، اختلاف رائے رکھنا ہر کسی کا حق ہے لیکن مطلب ذاتی دشمنی نہیں ،عوام جان لیں اتحاد میں ہی جیت ہے اورقوتیں ہار جائیں گی، ہر خطے کی ثقافت ،تاریخ کو تسلیم کیا جائے تو بہتری لائی جاسکتی ہے، ملک میں رہنے والے ہر شخص کو اونر شپ دیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہاسندھ میں انتہا پسندی کو ایک حد تک روکا گیا،وجہ ثقافت کو آگے بڑھانا ہے،ملکر محنت کرکے ملک کی سمت کو تبدیل کرنا ہے اگر ایسا نہیں کیا تو نوجوان پھر کرائم اور منشیات کا شکار رہیں گے، شاعر، آرٹسٹ ، کلچر کو اجاگر نہ کریں گے تو پاکستان نہیں چل سکے گا، جدید ماڈرن ملک بنانا ،مسائل و خطروں کا مقابلہ کرنا اور دنیا کے ساتھ چلنا ہے تو تاریخ ،ثقافت کو اجاگر کرنا ہوگا۔

بلاول بھٹو نے کہا پاکستان میں ظلم بہت ہوا، سب سے بڑی زیادتی یہ نہیں خود اپنے ہاتھوں سے بڑے لیڈروں کو قتل کیا گیا، بڑا ظلم یہ ہے اپنے ہاتھوں سے تاریخ، ثقافت اور زبان کو دبایا، نوجوان قلم کی بجائے ہاتھوں میں بندوق تھام لیتے ہیں۔

چیئرمین پی پی نے کہا نوجوان وزیر خارجہ رہا ہوں، میرا خواب اور ویژن ہے پاکستان کا بچہ بچہ، کشمیر اور پنجاب کے نوجوان شیخ ایاز کو جانیں جیسے سندھ کے نوجوان علامہ اقبال کو پہچانتے ہیں اگر ایسا نہیں کریں گے تو کامیاب ہونا ناممکن ہے، ملک کے شاعر دانشور اور نوجوان جاگ جاتے ہیں تو آپ کا راستہ کوئی نہیں روک سکتااگر ہر سیاسی جماعت ایک دوسرے کو غدار، کافر کہے گی تو کیسے ملک کو چلائیں گے، سیاست کا مقصد ذاتی دشمنی نہیں ہونا چاہئے، پیپلزپارٹی میں صلاحیت ہے سب کو ساتھ لیکرچل سکتی ہے،نوجوان متحد ہوگئے تو تقسیم کی سیاست کرنے والوں کو شکست ہوگی،بلاول بھٹو نے مزید کہا نوجوانوں کے ہاتھوں میں گولی ،بندوق کے بجائے قلم تھمانا ہوگی، موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کےلئے بھی متحد ہونا ہے۔